News Details
13/07/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے اجلاس
حکومت خیبرپختونخوا نے ڈائریکٹوریٹ آف انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے، اسے موثر اورعصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے نیا قانون اور رولزبنانے اور اس کے انتظامی ڈھانچے کی تشکیل نو کے علاوہ اس کے شعبہ تفتیش کو مضبوط بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر مطلوبہ قابلیت اور معیار کا عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب، وزیر قانون سلطان محمد، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش، معاون خصوصی برائے انٹی کرپشن شفیع اﷲ خان اور سٹرٹیٹجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعیدکے علاوہ سیکرٹری اسٹبلشمنٹ جمال الدین، سیکرٹری قانون مسعود خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، ڈائریکٹر انٹی کرپشن عثمان خان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی اور سرکاری معاملات میں شفافیت اور میرٹ کی بالاد ستی اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ کرپٹ عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے انٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ کو مکمل بااختیار اور مضبوط بنایا جائے گا، کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا جائے گااوربد عنوانی کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ کے نئے قانون اور رولز میںکسی بھی قسم کی پلی بارگین کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے جبکہ شکایات اور انکوائریز کو بروقت نمٹانے کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز مقرر کی جائیں ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایک مہینے کے اندر اندر انٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ کیلئے نئے قانون اور رولز کے مسودے کی تیاری کے علاوہ ادارے کی انتظامی ڈھانچے کی تشکیل نو کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے ۔ اجلاس کو انسداد بدعنوانی سے متعلق موجودہ قوانین ، قواعد و ضوابط ، انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی کارکردگی ، اصلاحات ، درپیش چیلنجز اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ادارے کے تحت سال 2016میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً پانچ شکایات نمٹائی جاتی تھیں جبکہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً بارہ شکایات نمٹائی جاتی ہیں۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران مختلف نوعیت کی چھ ہزار سے زائد شکایات اور 2079 انکوائریز نمٹائی گئی ہیں۔ سال 2016میں کیسز نمٹانے کی مجموعی شرح 35 فیصد تھی جبکہ سال 2019میں یہ شرح بڑھ کر 63فیصد ہوگئی۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران پچیس کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے ۔ اجلاس کو انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں لائی گئی اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ افسران اور اہلکاروں کی حاضری کی مانیٹرنگ کے لئے ڈائیوریکٹوریٹ آف انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پشاور میں بائیو میٹرک حاضری کا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ تفتیش کرنے والے اہلکاروں ، انسپکٹرزاور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی روزانہ کی بنیاد پر پرفارمنس رپورٹ تیار کی جاتی ہے۔ تیز رفتاری سے کیسز نمٹانے کے لئے مہینے میں دو بار جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا جاتاہے۔ موصول شدہ شکایات نیب کے ساتھ بھی شیئر کی جاتی ہیں تاکہ ڈپلیکیشن سے بچا جا سکے اور یہ امر یقینی ہو سکے کہ ایک شکایت کے خلاف ایک ہی فورم پر کاروائی کی جارہی ہے۔ انٹی کرپشن کال سنٹر کا جلد اجراءکیا جائیگاجس کے ذریعے شہری فون کال پر اپنی شکایات کا اندراج کر سکیں گے۔اس کے علاوہ عوامی شکایات کے اندراج کے لئے واٹس ایپ نمبر کی سہولت بھی دی جائیگی۔ اجلاس میں محکمے کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور و غوص کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمے کی کاروائیوں اور کارکردگی کے حوالے سے وائٹ پیپر شائع کیا جائے۔