News Details

07/07/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں سکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں کے لئے تعمیر شدہ نئی عمارتوں کی ہینڈنگ ٹیکنگ اوور کے سلسلے میں پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔باقاعدہ ہینڈنگ ٹیکنگ اوور کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کی ہدایت۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں سکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں کے لئے تعمیر شدہ نئی عمارتوں کی ہینڈنگ ٹیکنگ اوور کے سلسلے میں پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ہائے مواصلات و تعمیرات، صحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ ایک مہینے کے اندر اندر تعمیر شدہ ان تمام عمارتوں کی باقاعدہ ہینڈنگ ٹیکنگ اوور کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان عمارتوں میں باقی ماندہ معمولی نوعیت کے کاموں کو فوری طورپر مکمل کرکے ان عمارتوں کو متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے کے لئے تمام لوازمات اور انتظامات کو پوری کریں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ طبی اور تعلیمی اداروں کے لئے بنائے گئے ان نئی عمارتوں کی حوالگی کے ساتھ ساتھ ان میں درکار عملے کی تعیناتی اور ضروری سامان اور آلات ک فراہمی پر بیک وقت ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مزید کسی تاخیر کے بغیر ان عمارتوں میں تعلیمی اور طبی سرگرمیوں کو شروع کیا جا سکے۔ وہ منگل کے روز محکمہ ہائے مواصلات و تعمیرات، صحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو صوبہ بھر میں سکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں کے لئے تعمیر شدہ نئی عمارتوں کی تفصیل اور اُن عمارتوں کو متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے کے سلسلے میں پیش رفت اور اس حوالے سے درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا اور اکبر ایوب ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم خلیق الرحمن کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ٹھیک ایک مہینے بعد اس حوالے سے عملی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے دوبارہ اجلاس بلایا جائےگا تب تک تمام متعلقہ محکمے اس سلسلے میں اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریوں کو پوری کریں، تسلی بخش پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائےگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس مقصد کے لئے عوام کاپیسہ خرچ کیا گیا ہے اس کے ثمرات بلا تاخیر عوام کو پہنچنے چاہئیں، اس میں غیر معمولی کوتاہی اور تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی اور موجودہ مشکل صورتحال کے باوجود کارکردگی دکھانی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ صوبائی وزراءکو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں۔ صحت اور تعلیم کے شعبے کی ترقی کوا پنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ ان دونوں محکموں کے لئے نئی آسامیوں کی ایس این ایز کی ترجیحی بنیادوں پر منظوری دی جائے