News Details
05/07/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں محکمہ اوقاف کی ملکیتی جائیداد اور املاک کے بہتر اور موثر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے کے لئے مجوزہ پلان سے اصولی اتفاق کیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں محکمہ اوقاف کی ملکیتی جائیداد اور املاک کے بہتر اور موثر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے کے لئے مجوزہ پلان سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس پلان پر عملدرآمد کے لئے ایک قابل عمل حکمت عملی ترتیب دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو پندرہ دنوں کے اندر اس حوالے سے قابل عمل حکمت عملی تشکیل دینے کے ساتھ محکمہ اوقاف کی استعداد کار کو بڑھانے اور اس کی انتظامی ڈھانچے میں ضروری تبدیلیاں کرنے کے لئے تجاویز بھی پیش کرے گی ۔
وہ گذشتہ روز محکمہ اوقاف کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ اوقاف کو جدید خطوط پر استوار کرنے، محکمہ کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور محکمے کی ملکیتی تمام جائیدادوں کے بہتر انتظام و انصرام کے لیے ان جائیدادوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے، بعض جگہوں پر ان جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں کو ختم کرنے اور مقصد ک لئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کرنے کے لئے بھی موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔
صوبائی وزیر اکبر ایوب، وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اوقاف ظہور شاکر، معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر ذادہ اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے علاوہ سیکریٹری خزانہ ، سیکرٹری اوقاف، ایڈمنسٹریٹر اوقاف اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو محکمہ اوقاف کی مجموعی کارکردگی کے علاوہ مجوزہ بزنس ڈویلپمنٹ پلان کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بزنس ڈویلپمنٹ پلان کے تحت قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبوں ، تخمینہ اخراجات، منصوبوں پر عملدرآمد کی صورت میں متوقع آمدن، اس سلسلے میں درپیش مشکلات اور دیگر اہم امور سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف میں گورننس، منیجمنٹ، مانیٹرنگ اور خدمات کی فراہمی کی مجموعی نظام کو بہتر بنانے کے لئے متعدد تجاویز پیش کی گئی جن میں وقف جائیدادوں کے تمام ریکارڈ کی ریونیو ریکارڈ سے ہم آہنگی، تمام ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن، سٹیٹ آف دی آرٹ فنانشل مینجمنٹ اور انٹر آڈٹ سسٹم، ویٹ پورٹل اور موبائل ایپ کی تشکیل، محکمہ اوقاف کے لئے کل وقتی مجسٹریٹ کی تعیناتی، انتظامی سٹرکچر کی بہتری اور دیگر اہم امور شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اوقاف کے لئے مجوزہ بزنس ڈویلپمنٹ پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے محکمہ اوقاف کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسکی استعداد کار کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں محکمے کو درکار انسانی اور مالی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اوقاف کے بعض املاک پر غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی متعلقہ حکام کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی