News Details

04/07/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا وباءکے خلاف برسر پیکار تمام فرنٹ لائن ورکرز بشمول طبی عملے، پولیس ، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا وباءکے خلاف برسر پیکار تمام فرنٹ لائن ورکرز بشمول طبی عملے، پولیس ، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وباءکے خلاف حکومت ، انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ کوششیں عزم و ہمت ، حوصلے ، جذبے ، خدمت اور قربانیوں کی داستان ہے ، جس پر ہم سب کو بجا طور پر فخر ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ کورونا کی صورتحال میں دوسروں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے طبی عملے کی قربانیوں کو ہمیشہ کیلئے یادرکھا جائے گا اورہم اُن کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے اورلوگوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کیلئے چیف سیکرٹری سے لے کر اسسٹنٹ کمشنر تک ، آئی جی پی سے لیکر پولیس سپاہی تک تمام سرکاری اہلکاروں ، محکموں ، طبی عملے، ریسکیو ورکرز، میونسپل ورکرز، نجی تنظیموں، منتخب عوامی نمائندوں، میڈیا ورکرز الغرض ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کردار لائق تحسین ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں کورونا وباءکے خلاف 100 روزہ قومی جدوجہد کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اُنہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی وژنری قیادت میں حکومت شروع دن سے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں وفاقی سطح پر قائم نیشنل کوآرڈنیشن کونسل اور نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سنٹر کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان اداروں نے وفاق کی تمام اکائیوں اور متعلقہ تمام اداروں کو ساتھ لے کرایک متفقہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے صوبائی سطح پر قائم صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے کردار کی بھی تعریف کی ۔ کورونا وباءکو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے عوام نے ہرآزمائش میں ہمیشہ ہمت ، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہر ہ کیا ہے ۔ ماضی کی آزمائشوں کی طرح ہم کورونا کی اس مشکل اور پیچیدہ صورتحال کا بھی جرات اور ہمت سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے بہت جلد اس چیلنج سے نمٹنے میں کامیابی حاصل ہو گی۔محمود خان نے اس مشکل صورتحال میں سماجی فاصلوں کے اُصولوں ، احتیاطی تدابیر اور حکومتی احکامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے لوگوں نے اس حوالے سے ذمہ دار اور باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کورونا صورتحال میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دیتے ہوئے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے بذریعہ ویڈیو کال بات چیت کی اور اُنہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے ، ریسکیو ، پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں میں اُن کی شاندار خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا، اکبر ایوب ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹرثناءاﷲ عباسی، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ ، دیگر متعلقہ حکام اور فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے صحت ورکرز، پولیس، ضلعی انتظامیہ ، ریسکیو اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی