News Details

02/07/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ (سی آئی پی ) پر رواں سال کے آخر تک عملی کا م کا آغاز کرنے کیلئے تمام پیشگی لوازمات اور تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عوام کو بہتر میونسپل سروسز اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس مقصد کیلئے سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ (سی آئی پی ) پر رواں سال کے آخر تک عملی کا م کا آغاز کرنے کیلئے تمام پیشگی لوازمات اور تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے ۔ وہ جمعرات کے روز مذکورہ پراجیکٹ پر عملی کا م کا آغاز کرنے کے سلسلے میں تیاریوں اور اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔صوبائی حکومت صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز بشمول پشاور، کوہاٹ، ایبٹ آباد، مردان اور سوات میں بہتر شہری سہولیات اور خدمات کی فراہمی اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے" سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ" کے نام سے ایک بڑا منصوبہ شروع کرنے جارہی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے شروع کئے جانے والے اس پراجیکٹ کے تحت ان شہروں میں میونسپل انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، پارکوں اور تفریحی مقامات کی تعمیر، نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے علاوہ میونسپل سروسز کے دیگر شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے پر اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک پراجیکٹ کے تحت تمام ذیلی منصوبوں کے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائنزمکمل کئے جائیں تاکہ جلد ازجلد منصوبوں پر عملی کام کا اجراءکیا جا سکے ۔ رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، پراجیکٹ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا سٹیز امپرو منٹ پراجیکٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو پراجیکٹ پر اب تک کی گئی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پشاور، کوہاٹ ، ایبٹ آباد، مردان اور سوات میں منصوبوں کا سروے اور ابتدائی ڈیزائن مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ تمام منصوبوں پر تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن اور پی سی ون کی تیاری شروع ہے جو رواں ماہ کے اختتام پر مکمل کرلی جائے گی۔ رواں سال ہی نومبر کے مہینے میں تمام بڑے منصوبوں پر عملی کام کا باضابطہ اجراءکرنے کا پروگرام ہے ۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شہروں کی ماسٹر پلاننگ بھی اس منصوبے کا حصہ ہے تاہم اس مقصد کیلئے علیحدہ کنسلٹنٹ ہائر کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے ۔اجلاس کوپراجیکٹ کے تحت مذکورہ شہروں کیلئے مجوزہ منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور کے مختلف علاقوں میں واٹرسپلائی نیٹ ورک کی تبدیلی،شمشتو کے مقام پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تعمیر ،کینزہ کے مقام پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر ، حیات آباد فیز VII میں پارک، فیملی ایریاز ، واکنگ ٹریکس، فوڈ سٹریٹس کی تعمیراور باغ ناران پارک کی توسیع و ترقی جیسے اہم منصوبے شامل ہیں ۔اسی طرح ایبٹ آباد کے شہری علاقوں میں واٹر سپلائی پائپس کی تبدیلی ، چونا واٹر سپلائی سکیم کی اپ گریڈیشن ،دھمتوڑ کے مقام پر سالڈویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تعمیر،مختلف مقامات پر پیدل چلنے کے ٹریکس ، شیروان پارک کی ترقی اور سلہڈکے مقام پر پرانی ڈمپنگ سائٹ کو پارک میں تبدیل کرنے کے علاوہ مختلف مقامات پر پارکنگ ایریا، بانڈری وال، ہائیکنگ ٹریلز ، فیملی ایریاز کی تعمیر اور نباتاتی باغ وغیرہ شامل ہیں۔، کوہاٹ اندر شہر میں واٹرسپلائی نیٹ ورک کی تبدیلی،یونین کونسل اوبلان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تعمیر ،کوہاٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر ،تحصیل روڈ پر ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کی تعمیر ، کوہاٹ ہنگو بائی پاس روڈ کے قریب سپورٹس کمپلیکس میں گرین انشیٹیو، تاندہ ڈیم پر فیملی پارک کے قیام سمیت واکنگ ٹریک، شجرکاری ، ریسٹورنٹ اورفشنگ پوائنٹس کی تعمیرشامل ہیں۔ مینگورہ سوات میں گریٹر واٹر سپلائی سکیم، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور دریائے سوات کے کنارے تفریحی مقامات کی تعمیرو ترقی اور مینگورہ شہر ، مٹہ ، بحرین اور مدین میں چوکوں اور بازاروں کی بہتری وغیرہ شامل ہیں جبکہ مردان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے علاوہ رنگ روڈ پر گرین انشیٹیواور دیگر منصوبے شامل ہیں