News Details
30/06/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں ڈھوک حسین گیس فیلڈ کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائن سے منسلک کر دیا گیا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں ڈھوک حسین گیس فیلڈ کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائن سے منسلک کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں مذکورہ گیس فیلڈسے ایس این جی پی ایل مین سپلائی لائن تک چودہ کلومیٹر پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اوراس گیس فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو روزانہ کی بنیادوں پر بارہ ملین کیوبک فیٹ گیس کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔ یہاں سے جاری اپنی ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کی تکمیل کو نہ صرف علاقے بلکہ صوبے اور پورے ملک کے لئے انتہائی خوش آئند اور اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صوبائی حکومت کو رائیلٹی کی مد میں سالا نہ 800 ملین روپے ملیں گے، پیداواری بونس کی مد میں صوبائی حکومت کو 100 ملین روپے جبکہ خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کو 150 ملین روپے سالانہ ملیں گے اور مجموعی طور پر صوبائی حکومت کو ایک ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔ رائیلٹی کی رقم کا اچھا خاصا حصہ گیس پیدا کرنے والے علاقے کی تعمیر و ترقی پر خرچ کی جائے گی جس سے علاقے میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور علاقے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مذکورہ علاقے کو گیس کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اور علاقے کا یہ دیرینہ مسئلہ بھی حل کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صوبے میں پائے جانے والی قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھار ہی ہے