News Details
24/06/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کی ملاقات
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کی ملاقات۔
شمالی اور جنوبی وزیرستان کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو احساس پروگرام میں شامل کرنے کے لئے نیا سروے کرنے پر اتفاق۔
پشاور میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے لنگر خانے کا افتتاح۔
مستحق لوگوں اور مسافروں کی سہولت کے لئے صوبے میں مزیدلنگر خانے بھی قائم کئے جائیں گے۔ محمود خان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بدھ کے روز اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور صوبے میں کورونا وباءکی وجہ سے متاثر ہونے والے مستحق افراد کو نقد امدادی رقوم کی تقسیم کے علاوہ مسافروں اور دیگر مستحق افراد کو مفت خوراک کی فراہمی کے لنگر خانوں کے انتظام و انصرام سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں احساس پروگرام کے تحت مالی امداد کے لئے زیادہ سے زیادہ مستحق آبادی کو پروگرا م میں شامل کرنے کے لئے نیا سروے کرنے میں اتفاق کرتے ہوئے اس سلسلے میں جلد ہی ورک پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کورونا کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے صوبے کے متاثرہ مستحق خاندانوں کو احساس پروگرام کے تحت ریلیف پیکج کی مد میں نقد رقوم کی تقسیم کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں اس ریلیف پیکج کی تقسیم انتہائی شفاف اور منظم انداز میں ہوئی ہے اور صرف مطلوبہ معیار پر پورا اُترنے والے مستحق خاندان ہی اس پیکج سے مستفید ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور اس کی پوری ٹیم نے کورونا ریلیف پیکج کی تقسیم کے عمل کو کامیاب بنانے کے لئے جس انداز میں کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، اس کی ٹیم اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کے کردار کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے صوبے میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو کامیاب بنانے میں صوبائی حکومت کے تعاون اور اشتراک کار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ بھی اس طرح کے تعاون اور اشتراک کار کی اُمید رکھتی ہیں۔
دریں اثناءوزیراعلیٰ نے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے ہمراہ پشاور میں سیلانی لنگر خانے کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے میں مسافروں سمیت دیگر مستحق افراد کو مفت خوراک کی فراہمی کے لئے لنگر خانوں کے قیام کو وزیراعظم پاکستان کا ایک غریب پرور اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وباءکیوجہ سے صوبے میں لنگر خانوں کے معاملات سست روی کا شکار ہو گئے لیکن چونکہ ہم نے اس وبا ءکے ساتھ رہنا ہے۔ اس لئے لنگر خانوں کو اب مزید فعال بنایا جائیگا۔ صوبے میں اس وقت گیارہ لنگر خانے قائم ہیں اور مزید لنگر خانے بھی قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ محمود خان اور معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول سٹی نمبر 1 میں قائم احساس کیش ڈیلیوری پوائنٹ کا بھی دورہ کیااور وہاں پر کیش کی تقسیم کار کے کاموں کا جائزہ لیا۔