News Details
21/05/2020
اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں محکمہ آبپاشی اور بلدیات کے اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا
اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں محکمہ آبپاشی اور بلدیات کے اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں مذکورہ محکموں کے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت اور ان منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ صوبائی وزراءاور انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، سیکرٹری منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ محکمہ آبپاشی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2019-20 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کی شرح 80فیصد ہے۔ اور رواں مالی سال کے دوران اس شعبے کے 17مختلف جاری منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ ضم شدہ اضلاع میں اس شعبے کے 22 جاری منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے۔ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل محکمہ بلدیات اور دیہی ترقی کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا کہ اس شعبے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کی شرح 85فیصد ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 20فیصد زیادہ ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے مشکل مالی صورتحال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے گی جبکہ ضرورت کی بنیاد پر نئے منصوبے بھی شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو بروقت حتمی شکل دینے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔