News Details

18/05/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضم شدہ اضلاع میں بھی ترقیاتی کاموں کے لئے ای ٹینڈرنگ ، ای بڈنگ ، ای ورک آرڈ اور ای بلنگ کا نظام متعارف کروایاجائے تاکہ ان منصوبوں میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضم شدہ اضلاع میں بھی ترقیاتی کاموں کے لئے ای ٹینڈرنگ ، ای بڈنگ ، ای ورک آرڈ اور ای بلنگ کا نظام متعارف کروایاجائے تاکہ ان منصوبوں میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضم شدہ اضلاع کے زیادہ پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ان علاقوں کو ترقی کے میدان میں دیگر علاقوں کے برابر لایا جاسکے۔ وہ پیر کے روز اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس صدارت کر رہے تھے جس میں اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مواصلات و تعمیرات، ہاو ¿سنگ اور آبنوشی کے شعبوں کی مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ صوبائی وزراءاور انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری ترقی و منصوبہ بندی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو مذکورہ شعبوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، ان منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کی صورتحال اور نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو پہلی ترجیح دی جائے گی تاہم ضرورت کی بنیاد پر نئے ترقیاتی منصوبے بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں گے۔ انہوں متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت حتمی شکل دینے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔