News Details
16/05/2020
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی پائیدار ترقی کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ضم شدہ اضلاع کی تیز رفتار ترقی کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھارہی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی پائیدار ترقی کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ضم شدہ اضلاع کی تیز رفتار ترقی کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھارہی ہے اور وہ بذات خود ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ممکن بناکر وہاں کے عوام کی محرومیوں کا جلد ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جانے والے عوامی فلاح و بہبود کے تمام ترقیاتی منصوبے وہاں کی عوام کے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ترتیب دیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضم شدہ اضلاع کے لئے اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کے سلسلے میں ضم شدہ اضلاع کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری، وزیر اعلیٰ کی مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر ، صوبائی وزیر برائے بحالی و آباد کاری اقبال وزیر اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے علاوہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے تمام ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی نے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی پائیدار ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ترقیاتی عمل میں اس علاقے کے عوام اور متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت شامل نہ ہو، ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ممبران صوبائی و قومی اسمبلی قبائلی عوام کے منتخب نمائندے ہیں لہذا شروع دن سے ہی موجودہ حکومت کی یہ پالیسی رہی ہے کہ قبائلی اضلاع کے لئے کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ وہاں کے عوامی نمائندوں کی مشاورت اور اتفاق رائے کے بغیر ترتیب نہیں دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس کے شرکاءپر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کے مختلف علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کرتے وقت لوگوں کی فوری نوعیت کی ضروریات اور مسائل کو ضرور مدنظر رکھیں اور ذیادہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیح دیں۔ وزیر اعلیٰ نے سابقہ قبائلی اضلاع کی صوبے میں انضمام کو ایک تاریخی اقدام اور موجودہ حکومت کا ایک اہم کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انضمام کا عمل ایک طویل، مشکل اور پیچیدہ کام تھا لیکن وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی مخلصانہ قیادت میں موجود حکومت انضمام کے تقریبا تمام مراحل انتہائی قلیل وقت میں مکمل کر چکی ہے اب علاقے کو ترقی کے میدان میں دوسرے علاقوں کے برابر لانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد قبائلی عوام انضمام کے ثمرات سے مستفید ہونگے اور عشروں پر محیط ان کی پسماندگیاں ختم ہوجائیں گی۔
اس موقع پر منتخب عوامی نمائندوں کی طرف سے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوںمیں پیش رفت کے عمل کو مزید تیز کرنے کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے منتخب عوامی نمائندوں نے سابقہ قبائلی علاقوں کے انضمام کے عمل کو انتہائی کم وقت میں خوش اسلوبی سے مکمل کرنے پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قائدانہ صلاحیتوں اور کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین کی ذاتی دلچسپی کے بغیر یہ کام ناممکن تھا۔ منتخب نمائندوں نے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس بلا کر ان کی رائے حاصل کرنے پر وزیر اعلیٰ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح کے اجلاس منعقد کر کے ان سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے