News Details

12/05/2020

صوبائی حکومت صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز بشمول پشاور، کوہاٹ ، ایبٹ آباد، مردان اور سوات میں شہریوں کو بہتر شہری سہولیات اور خدمات کی فراہمی اور اُن کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کیلئے " سٹیزن امپرومنٹ پراجیکٹ " کے نام سے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کرنے جارہی ہے

صوبائی حکومت صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز بشمول پشاور، کوہاٹ ، ایبٹ آباد، مردان اور سوات میں شہریوں کو بہتر شہری سہولیات اور خدمات کی فراہمی اور اُن کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کیلئے " سٹیزن امپرومنٹ پراجیکٹ " کے نام سے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کرنے جارہی ہے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے معاونت سے شروع کئے جانے والے اس پراجیکٹ کے تحت ان شہروں میں میونسپل انفراسٹرکچرز کو بہتر بناکر شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، پارکوں اور تفریحی مقامات کی تعمیر، نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے علاوہ میونسپل سروسز کے دیگر شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔ یہ بات منگل کے روز وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ محکمہ بلدیات کے ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس کو مذکورہ پراجیکٹ کے تحت ان شہروں میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کی تفصیل، پراجیکٹ پر عمل درآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت اور دیگر مختلف پہلوﺅں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش ، سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 9.50 ملین ڈالر خرچ کئے جائیں گے ۔ اس پراجیکٹ کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے درکار زمین کی خریدار ی صوبائی حکومت کر ے گی ۔ پراجیکٹ کی تفصیلی ڈیزائننگ پرکام جاری ہے جسے جلد مکمل کرکے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گاجبکہ اس سال کے آخر تک ان منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت مذکورہ شہروں کیلئے مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ پشاور کے مختلف علاقوں میں 479 کلومیٹر لمبی واٹرسپلائی پائپس کی تبدیلی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تعمیر ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر اور مختلف مقامات پر پارکس، فیملی ایریاز ، واکنگ ٹریکس اور فوڈ سٹریٹس کی تعمیر، ایبٹ آباد کے شہری علاقوں میں واٹر سپلائی پائپس کی تبدیلی ، چونا واٹر سپلائی سکیم کی اپ گریڈیشن ، سالڈویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تعمیر، 4500 فٹ لمبی گلیوں کی پختگی کے علاوہ مختلف مقامات پر پارکنگ ایریا، بانڈری وال، ہائیکنگ ٹریلز اور فیملی ایریاز کی تعمیر ، کوہاٹ میں 150 کلومیٹر واٹرسپلائی پائپس کی تبدیلی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تعمیر ، سوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر ، ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کی تعمیر کے علاوہ فیملی پارک، واکنگ ٹریک اورفیشنگ پوائنٹس کی تعمیر، مینگورہ میں 20 کلومیٹر واٹر سپلائی سکیم، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور دریاﺅں کے کنارے تفریحی مقامات کی تعمیر جبکہ مردان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے علاوہ دیگر منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔ منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سال جولائی تک پراجیکٹ کی انجنیئرنگ ڈیزائن کو مکمل کرلیا جائے تاکہ اس سال کے آخر تک اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے اس پراجیکٹ کو ان شہروں کے رہائیشوں کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک اہم پراجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے ان شہروں کے عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔