News Details

10/05/2020

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کےتحفظ کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کےتحفظ کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو صوبے میں تمام مزدوروں کا کمیپیوٹرائزڈ ڈیٹا اکھٹا کرنے کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور محکمہ لیبر خصوصا ورکرز ویلفیئر بورڈ کے امور میں بنیادی نوعیت کی اصلاحات کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے صوبے کے مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفط کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع پلان تشکیل دینے اور اس سلسلے میں موثر اور یکسان قانون سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے کر قابل عمل سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان سفارشات کی روشنی میں آئیندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔ وہ گزشتہ روز محکمہ لیبر کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، سیکریٹری خزانہ عاطف رحمان، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور سیکریٹری لیبر کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو صوبے میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، مزدوروں کی کم سے کم ماہانہ اجرت کا تعین، مزدوروں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے پر اب تک کی پیشرفت، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سے متعلق معاملات اور دیگر کئی امور پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے مختلف قسم کی کانوں بشمول کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے متعلقہ محکموں کے الگ الگ قوانیں ہونے کی وجہ سے ان مزدوروں کو درپیش مشکلات سے وزیر اعلی کو اگاہ کیا جس پر وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ان مزدوروں کی آسانی اور ان کے حقوق اور جانوں کے بہتر تحفظ کے لئے ایک ہی محکمے کے تحت ایک جامع اور یکسان قانون سازی پر کام کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع اپنی گفتگو میں وزیر اعلی نے مجموعی ملکی ترقی میں مزدوروں کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجودہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس مقصد کے لئے نتیجہ خیز اقدامات بھی کر رہی ہے۔ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کی روشن مستقبل کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے کوروناکی موجودہ صورتحال میں مزدور اور محنت کش طبقے کو درپیش مشکلات کو کم سے کم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے لاک ڈاون کے باعث بے روزگار ہونے والے افراد کے لئے خصوصی پیکیج کی منظوری اس سلسلے کا اہم اقدام ہے۔