News Details
08/05/2020
رشکئی اکنامک زون منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے حطار، مہمند اور بونیر اکنامک زونز کے قیام پر بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ محمود خان
رشکئی اکنامک زون منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے
حطار، مہمند اور بونیر اکنامک زونز کے قیام پر بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ محمود خان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رشکئی اکنامک زون کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کیلئے تمام تر لوازمات اور انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے اور اس سلسلے میں تمام کاموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے ٹائم لائنز مقرر کئے جائیں تاکہ قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے پر عملی کام کے آغاز میں تاخیر نہ ہو۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو رشکئی اکنامک زون منصوبے کے ڈویلپمنٹ ایگرریمنٹس کو بھی بروقت حتمی شکل دینے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ جمعہ کے روز رشکئی اور حطار اکنامک زونز کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر اکبر ایوب ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری منصوبہ بندی ، سیکرٹری صنعت ، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سربراہان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلا س کو مذکورہ دونوں اکنامک زونز کے قیام پر اب تک کی پیشرفت اور بعض اُمور میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو رشکئی اکنامک زون منصوبے کے وفاقی اداروں سے جڑے حل طلب اُمور اور معاملات کی نشاندہی کرنے اور ان معاملات کو وفاقی حکومت کے ساتھ اُٹھانے کیلئے ہوم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوںنے حطار اکنامک زون منصوبے کیلئے متبال زمین کی خریداری کے معاملے کو بھی جلد حتمی شکل دینے اور مہمند اور بونیر اکنامک زونز کے قیام پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔
اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے رشکئی اکنامک زون منصوبے کو قومی اہمیت کے حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانا موجودہ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، اس منصوبے سے صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتوں کو فروغ دینے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی ۔