News Details

08/05/2020

خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک ایمرجنسی ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے

خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک ایمرجنسی ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ 300 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال وفاقی حکومت کے اشتراک سے پشاور کے علاقہ دوران پور میں تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے 79 کنال زمین محکمہ صحت کے پاس پہلے سے موجود ہے ۔ ہسپتال کیلئے درکار زمین کی فراہمی کے علاوہ طبی آلات اور سامان کی خریدار ی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی جبکہ وفاقی حکومت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے ہسپتال کی عمارت تعمیر کروائے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی طرف سے ارسال کردہ سمری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔ ہسپتال کے قیام کا فیصلہ کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور آنے والے وقتوں میں اس وباءکے متوقع پھیلاﺅ سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے اس فیصلے کو موجودہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہسپتال کے قیام سے موجودہ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو جائے گا اور یہ ہسپتال مستقبل میںاس طرح کی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی مدد گار ثابت ہو گا۔