News Details
01/05/2020
یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ کا پیغام
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقہ کی عزت ، وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ مزدروں کی فلاح اور ان کے حقوق کا تحفظ پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میںشامل ہے،صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صوبے میں مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور اُن کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مزدوروںکا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اُجاگر کرتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مزدور معاشرے کا بنیادی حصہ اور خوشحالی کا ایک اہم عامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف قوم کی مجموعی خوشحالی میں محنت کشوں کے بنیادی کردار کو تسلیم کر تی ہے، صوبائی حکومت نے صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے صنعتوں کے لئے درکار تربیت یافتہ افرادکی تیاری کا اہتمام کیا ہے ۔ اس اقدام کامقصد محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے پر کشش صنعتی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کارخانے لگا کر محنت کشوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جا ئیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوروناکی موجود ہ صورتحال میں مزدور طبقے کو درپیش مشکلات کا صوبائی حکومت کو بھر پور احساس ہے اور حکومت اُن کو درپیش مشکلات کم کرنے اور اُنہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔