News Details
28/04/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کسی کے کاروبار کو بندرکھنا حکومت کی خواہش نہیں ، حکومت کے تمام اقدامات کا ایک ہی مقصد لوگوں کو کورونا کی وباءسے محفوظ بنانا ہے جس کیلئے حکومت کو مجبور اً کچھ سخت فیصلے لینے پڑ رہے ہیں
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کسی کے کاروبار کو بندرکھنا حکومت کی خواہش نہیں ، حکومت کے تمام اقدامات کا ایک ہی مقصد لوگوں کو کورونا کی وباءسے محفوظ بنانا ہے جس کیلئے حکومت کو مجبور اً کچھ سخت فیصلے لینے پڑ رہے ہیں ، ہمارا مقصد لوگوں کو بیروزگار کرنا نہیں بلکہ اُن کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔ حکومت کے یہ سارے اقد امات اور کوششیں تب تک موثر نہیں ہو سکتیں جب تک لوگ تعاون نہ کریں، یہ ایک مشکل وقت ہے جسے نمٹنے کیلئے حکومت سمیت سب کو مل کر کام کرنا ہو گا اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت ایک طرف لوگوں کو کورونا کی وباءسے بچانے کیلئے کوششیں کررہی ہے تو دوسری طرف اُنہیں بھوک سے بچانے کیلئے بھی اقدامات کرر ہی ہے اس دوہرے مشکل میں حکومت کو تاجروں اور صنعتکاروں سمیت دیگر تمام طبقوں او ر عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کے روز سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انجمنِ تاجران کے ایک مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے اُن کے دفتر میں اُن سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال میں چھوٹے صنعتکاروں اور دُکانداروں کو درپیش مسائل کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وفد نے رمضان کے مہینے میں بعض ضروری کاروبار اور دوکانوں کو ایک خاص اوقات کار کے تحت مشروط طور پر کھولنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ وفد میں شرافت علی مبارک، ملک مہرالٰہی، غضنفر بلور، عدیل رﺅف ، غلام جاوید، حبیب اﷲ زاہد، غلام بلال، احتشام حلیم اور دیگر شامل تھے ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ عوامی نمائندے ہیں اور عوامی مسائل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں ، لاک ڈاﺅن کی وجہ سے تاجروں خصوصاً چھوٹے دُکانداروں کو درپیش مسائل کا بھر پور احساس ہے ۔ انہوںنے کہاکہ لاک ڈاون کی وجہ سے بند دوکانوں کے کرایوں کا مسئلہ حل کرنے پر کام ہور ہا ہے جبکہ برآمدات کیلئے پاک افغان سرحد کو ایک خاص شیڈول کے مطابق کھولنے کا معاملہ بھی زیر غور ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے ایک بڑے پیکج کا اعلان کیا ہے جسے تاجروں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے میں بہت مدد ملے گی ۔ صوبائی حکومت کی طرف سے چھوٹے تاجروں کو ریلیف پیکج دینے کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے مطابق سب کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ دوسرے صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں لاک ڈاﺅن میں بہت زیادہ نرمی کی گئی تاکہ معاشرے کا کمزور طبقہ اور خصوصاً یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے اپنے کیلئے روزی روٹی کما سکیں ۔ اس موقع پر صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تاجروں ، صنعتکاروں سمیت سب پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت سے جڑے تاجروں اور دُکانداروں کے مسائل وفاقی سطح پر اُٹھائے جائیں گے