News Details

22/04/2020

وزیر اعلیٰ محمود خان کا دورہ ایبٹ آباد ، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح قرنطینہ اور آئسولیشن مراکز میں انتظامات کا جائزہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہم لوگوں کو کورونا وبا سے محفوط کرنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں

وزیر اعلیٰ محمود خان کا دورہ ایبٹ آباد ، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح قرنطینہ اور آئسولیشن مراکز میں انتظامات کا جائزہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہم لوگوں کو کورونا وبا سے محفوط کرنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں رمضان میں صوبائی حکومت کے امدادی پیکیج کے تحت 22 لاکھ مستحق خاندانوں کو نقد رقوم تقسیم کئے جائیں گے صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار 1000 ٹیسٹ روزانہ کر دیا گیا ہے، 5000 تک بڑھانے کوشش کر رہے ہیں ہزارہ ڈویژن میں انتظامات تسلی بخش ہیں، ہیلتھ ورکرز، ریسکیو اور پولیس سمیت پوری انتظامیہ کو سلام پیش کرتا ہوں مخیر حضرات اس سخت وقت میں اپنے اردگرد نادار لوگوں کا خیال رکھیں، وزیر اعلی محمود خان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان موجودہ صورتحال کو معاشرے کے کمزور طبقوں کے لئے ایک مشکل اور سخت وقت قرار دیتے ہوئے مخیر حضرات سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے اردگرد کمزور اور نادار لوگوں کا بھر پور خیال رکھیں یہ انسانی ہمدردی اور بھائی چارے کا تقاضا بھی ہے اور دین اسلام کی تعلیم بھی۔ حکومت غریب لوگوں کی امداد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، احساس پروگرام کے تحت صوبے کے 22 لاکھ مستحق خاندانوں کو 12000 روپے فی خاندان دیے جا رہے ہیں جبکہ رمضان کے مہینے میں صوبائی حکومت کی طرف سے بھی اتنے ہی خاندانوں کو 6000 ہزار روپے فی خاندان دیے جائیں اس کے علاوہ زکوٰة فنڈز کے تحت صوبے کے ایک لاکھ خاندانوں کو 12000 روپے فی خاندان دیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایبٹ آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے لیکن حکومت کورونا وبا سے لوگوں کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی بساط سے بڑھ کر کوششیں کر رہی ہے اس سلسلے میں سول انتظامیہ، پولیس، پاک فوج، طبی عملے، ریسکیو ورکرز، بلدیاتی اہلکاروں سمیت سب کا کردار قابل ستائش ہے اور میں ان سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری نے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے، جسے علاقے کے لوگوں کو یہ سہولت مقامی سطح پر میسر ہو گی۔ صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی مجموعی استعداد کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری سطح پر کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کو 40 ٹیسٹس روزانہ سے بڑھا کر 1000ٹیسٹس روزانہ کر دیا ہے اور اس کو 5000 ٹیسٹس روزانہ تک بڑھانے پر کام جاری ہے۔ اپنے دورے کا مقصد بتاتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے عوام کے درمیان موجود رہنا چاہتے ہیں اور محض دفتر میں بیٹھ کر بریفنگ لینے کی بجائے گراو ¿نڈ پر جا کر اصل صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کرکے وہاں پر نو قائم شدہ کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی، صوبائی وزراءاکبر ایوب اور قلندر لودھی، چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ثناءاللہ عباسی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ مذکورہ لیبارٹری بین الاقوامی معیار کی لیبارٹری ہے جس میں مقامی سطح پر کورونا کے مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ کو ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے کورونا کی صورتحال، اس حوالے سے انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ہزارہ ڈویژن میں اس وقت کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 854 ہے جن کے ٹیسٹ رپورٹس کا انتظار ہے، اب تک کئے گئے ٹیسٹس میں سے 593 افراد کے ٹیسٹس کلئیر ہیں، کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 199 ہے جبکہ اب تک کورونا کے 25 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ہزارہ ڈویژن میں آئسولیشن اور قرنطینہ مراکز میں کے بارے میں بتایا گیا کہ ڈویژن میں مجموعی طورپر1771 بستروں پر مشتمل 50قرنطینہ مراکز جبکہ 758 بستروں پر مشتمل 32آئیسولیشن مراکز قائم ہیں۔ حکام نے بتایا اس وقت ہزارہ ریجن میں تبلیغی جماعت کے افراد سمیت سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی اچھی خاصی تعداد موجود ہے جن کی سکریننگ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے جبکہ ان میں سے بیشتر کو ٹیسٹ کلئیر ہونے کے بعد اپنے اپنے ممالک اور صوبوں کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ احساس پروگرام کے تحت پورے ڈویژن میں اب تک ایک ارب 15کروڑ روپے مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ علاقے میں اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کے دستیاب اسٹاکس کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس وقت ہزارہ ڈویژن میں ایک مہینے سے زائد عرصے کے لئے ان آشیا کا اسٹاک موجود ہے۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات اور انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رمضان کے مہینے میں روزانہ کی بنیادوں پر پرائس چیکنگ کے انتظامات کئے جائیں، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ذخیرہ اندوزی و گرانفروشی میں ملوث عناصر کے سخت سے سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔