News Details
20/04/2020
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لیکر موجودہ کورونا صورتحال تک تمام مواقع پر پولیس کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے خیبر پختونخوا پولیس نے ہر مشکل وقت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے اپنی پولیس پر بجا طور پر فخر ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لیکر موجودہ کورونا صورتحال تک تمام مواقع پر پولیس کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے خیبر پختونخوا پولیس نے ہر مشکل وقت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے اپنی پولیس پر بجا طور پر فخر ہے، صوبے میں امن وامان کی بحالی اور عوام کی جان و مال کی تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے قربانیوں کی جو لازوال داستانیں رقم کی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی، عوام کی جان و مال تحفظ کے لئے پولیس کے اعلیٰ افسران اور جوانوں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں جس کے لئے میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
وہ پیر کے روز سنٹرل پولیس آفس پشاور کے دورے کے موقع پر ریجنل پولیس افسران سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کر رہے تھے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی اور پولیس کے دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس شہداءکی قربانیوں کوکسی صورت رائیگاں نہیں جانے دےگی، حکومت ان شہداءکے اہل خانہ اور بچوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور ہر وہ اقدامات کرےگی جو ان کی بہتر مستقبل کے لئے ضروری ہوں، میں اور میری پوری حکومت پولیس شہداءکے خاندانوں کے ساتھ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پولیس کے ڈرون سرویلنس اور وہیکل اسٹریمنگ سسٹم کے ذریعے صوبے کے مختلف مقامات پر لاک ڈاون اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی صورتحال کا براہ راست جائزہ لیا اور وہیکل اسٹریمنگ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سے اس حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں پولیس کی ڈرون سرویلنس اور وہیکل اسٹریمنگ سسٹم کو نگرانی کا ایک موثر نظام اور دور جدید کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس سسٹم پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے اہلکاروں کے کام کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو ڈرون سرویلنس اور وہیکل اسٹریمنگ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے پولیس شہداءکے بچوں کو پولیس میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر تقرری کے کاغذات پیش کئے۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ نے 196 پولیس شہداءکے بچوں کو پولیس میں بطور سب انسپکٹر بھرتی کرنے کی پہلے ہی سے منظوری دی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے