News Details

05/04/2020

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے صوبائی حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں

وزیر اعلی خیبر پختونخوامحمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے صوبائی حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں، مردان کے علاقہ منگا میں 109 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آنا اور ڈیرہ اسماعیل خان قرنطینہ میں رہائش پذیر ڈیڑھ سو سے زائد زائرین کا بحفاظت اپنے گھروں کو منتقلی اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔ ابھی تک صوبے میں بڑے پیمانے پر کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی بہت بڑا کردار ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا چونکہ اس وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ بدستور موجود ہے اس لئے حکومت اپنی کوششوں اور انتظامات کو ہر گزرتے دن مزید بہتر موثر بنانے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ ہمارا اولین مقصد لوگوں کی جانوں کا تحفظ ہے جس کے لئے ہم کسی بھی حد تک جائیں گے، مشکلات کے باوجود اپنی کوششیں مزید موثر انداز میں جاری رکھیں گے لیکن کسی صورت ہمت نہیں ہاریں گے اور اگر عوام کا تعاون اسی طرح جاری رہا تو انشاءاللہ ہم اس ان اس وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہونگے ۔ محمود خان نے کہا یہ سیاست کھیلنے کانہیں بلکہ قومی یکجہتی اور اتحاد کا وقت ہے ، ہم تنقید برائے تعمیر کا خیر مقدم کریں گے لیکن اس نازک صورتحال میں کسی کو بھی سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ جزوی لاک ڈاون اور سماجی رابطوں کو کم کرنے کے لئے حکومتی فیصلوں سے لوگوں خصوصا کمزور طبقے کو درپیش مشکلات کا ہمیں پوری طرح سے احساس ہے اور ان مشکلات کو دور کرنے کے لئے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں ۔ اگلے چند دنوں کے اندر صوبے بھر کے تقریبا ساڑھے21 لاکھ مستحق خاندانوں کو پہلے مرحلے میں 12 ہزار روپے جبکہ دوسرے مرحلے میں 6000 روپے فی خاندان ادا کئے جائیں گے۔ کورنا کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ہسپتالوں میں طبی عملے کی کمی کو پوری کرنے کے لئے یومیہ اجرت کی بنیادوں پر پیشہ ور افراد بھرتی کئے جا رہے ہیں جن میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس، فارماسسٹس اور دیگر پروفیشنلز شامل ہیں جنھیں فی دن کے حساب سے تین ہزار سے لیکر 20 ہزار روپے تک تنخواہیں دی جائیں گی۔ ہسپتالوں میں ضروری آلات اور طبی عملے کے لئے حفاظتی اشیاء کی فراہمی کے لئے اب تک ایک ارب پچاس کروڑ روپے کی خریداری کی جاچکی ہے اور مزید خریداری کا عمل جاری ہے جبکہ تمام اضلاع کو اپنے طور پر حفاظتی اشیاء کی خریداری کے لئے پانچ پانچ کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ وزیر اعلی نے عوام سے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت عوام کے تعاون سے اس مشکل صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گی۔