News Details

09/03/2020

ضلع مہمند میں احسا س کفالت پروگرام کا باضابطہ اجراء، مہمند ڈیم منصوبے میں تما م نا ن ٹیکنکل عہدوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے گا دریائے کابل سے اپر مہمند کیلئے پانی کی فراہمی کا منصوبہ عنقریب شروع کیا جائے گا مہمند میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے جلد ہی خصوصی پیکج دیا جائے گا،

ضلع مہمند میں احسا س کفالت پروگرام کا باضابطہ اجراء، مہمند ڈیم منصوبے میں تما م نا ن ٹیکنکل عہدوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے گا دریائے کابل سے اپر مہمند کیلئے پانی کی فراہمی کا منصوبہ عنقریب شروع کیا جائے گا مہمند میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے جلد ہی خصوصی پیکج دیا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع بیش قیمت معدنی وسائل سے مالا مال ہیں ،حکومت ان وسائل کو استعمال میں لا کر قبائلی علاقے کے عوام کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ قبائلی اضلاع میں پائی جانے والی معدنیات پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے جو کوئی بھی اُن سے نہیں چھین سکتا۔ میں بے جا پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر کو بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت اپنے قبائلی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور قبائلی اضلاع میں جو بھی کام ہو گا وہ اُن کی مشاورت اور اُن کی خواہش کے مطابق ہوگا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ہمراہ ضلع مہمند میں احساس کفالت پروگرام کے باضابطہ اجراءکے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وفاقی وزیربرائے دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور نورالحق قادری ، وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی اضلاع تک بلدیاتی نظام کو توسیع دی جارہی ہے اور بلدیاتی نظام کے تحت یہاں پر لوگوں کے آپس کے چھوٹے موٹے مسائل اور تنازعات کو حل کرنے کیلئے جرگہ سسٹم کو فعال رکھا جائے گا۔ مہمند ڈیم میںتمام نان ٹیکنکل آسامیوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ ، واپڈا حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ کے تحت علاقے میں چار ارب روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں اوریہ سارے منصوبے مہمند کے عوام کی مشاورت سے شروع کئے جائیں گے ۔ محمود خان نے کہا کہ قبائلی عوام کی شکایات کے ازالے اور فوری نوعیت کے مسائل بروقت حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی کمپلینٹ سیل قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے قبائلی عوام اپنی شکایات ہم تک پہنچا سکتے ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں کہ ایسی تمام شکایات 24 گھنٹوں کے اندر حل کر دی جائیں گی ۔انہوںنے مزید کہا کہ دریائے کابل سے اپر مہمند کے لئے پانی کی فراہمی کا منصوبہ عنقریب شروع کیا جائے گا، ضلع مہمند کے ہیڈکوارٹر غلنئی کیلئے سروکلے سے پانی کی فراہمی کا ایک بہت بڑا منصوبہ بھی شروع کیا جارہا ہے جسکے لئے کنسلٹنٹسی ہائیر کی جا چکی ہے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان نے ضلع مہمند کیلئے 100 سولر ٹیوب ویلز ، چارعد د ایریگیشن ٹیوب ویلز، رابطہ سڑکوں کیلئے خصوصی پیکج، بجلی کی ترسیل کو بہتر بنانے ،مامد گٹ گرڈ سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے اور مہمند پریس کلب کیلئے 20 لاکھ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال غلنئی میں تمام کمزوریوںاور خامیوں کو دور کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ہسپتال کو اپ گریڈ بھی کیا جائے گا۔ علاقے کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے بھی کوششیں کی جائیں گی جبکہ مہمند میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے حوالے سے بھی جلد خوشخبری دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ضلع مہمند میں 75 کروڑ روپے کی لاگت سے نوجوانوں کیلئے میگا سپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا اور ہر تحصیل کی سطح پر سپورٹس گراﺅنڈز بھی تعمیر کئے جائیں گے