News Details
05/03/2020
مجوزہ کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر کام تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ضم شدہ اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے جامع منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیاجائے۔ محمود خان
مجوزہ کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر کام تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
ضم شدہ اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے جامع منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیاجائے۔ محمود خان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کالام میں سیاحت کے فروغ کیلئے مجوزہ کالام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر کام تیز کرنے جبکہ ڈیرہ جات فیسٹیول اور کالام فیسٹیول کے انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت اور مواصلات کے حکام کو صوبے کے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی بحالی و مرمت کے منصوبوں کو رواں موسم گرما کی آمد سے قبل مکمل کرنے کیلئے بھی تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اُٹھانے اور ضم شدہ اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایک جامع منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ ہدایات اُنہوںنے محکمہ سیاحت کی طرف سے صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے حالیہ دنوں میں اُٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران جاری کیں۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میںسیاحت کی ترقی کیلئے خیبرپختونخوا انٹگریٹڈ ٹوارزم پراجیکٹ(KITE) شروع کیا گیا ہے ۔ منصوبے کے تحت صوبے کے سیاحتی مقامات تک ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے سیاحتی مقامات تک آسان رسائی ممکن ہو سکے گی ۔ منصوبے کے تحت صوبے کے سیاحتی مقامات تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے مختلف سڑکوں جن میں ٹھنڈیانی روڈ، منکایال تا باڈہ سحر روڈ ، شیشی کوہ تا مدہ کلشت روڈ اور سپاٹ ویلی روڈ شامل ہیں، کی تعمیر ومرمت پر خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے ۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بھی سیاحتی مقامات تک سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ہزارہ ڈویژن میں سیاحتی مقامات کی کل 60 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیرو بحالی کیلئے 2397 ملین روپے جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں کل 50 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 1999 ملین روپے منظور کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر مزید بتایا گیا کہ KITE پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی نے 840.213 ملین روپے کے ورک پلان کی منظوری دی ہے جبکہ منصوبے کی کارکردگی جانچنے کیلئے پی ایم یو بھی قائم کی گئی ہے ۔ چار ٹوارزم روڈ ز کے ڈیزائن کیلئے فیزبیلٹی سٹڈی پر عمل درآمد جاری ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی کے تحت 529 ملین روپے کی سکیم بھی منظوری کیلئے بھیجی گئی ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی کی کیپسٹی بلڈنگ سروس کیلئے 4.760 ملین روپے فراہم کئے جائیں گے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹوارزم ایریاز میں خیبرپختونخوا انٹگریٹڈ ٹوارزم پراجیکٹ میں 47 کلومیٹر طویل پٹراک تا ٹل روڈ، 67 کلومیٹر طویل کالام تا کمراٹ روڈ ، 7 کلومیٹر طویل بیر گلی تا مہا بنڑ روڈ، 14 کلومیٹر طویل کمراٹ تا جاز بانڈہ روڈ، 36 کلومیٹر طویل کالام تا مٹلتان ماہو ڈنڈ روڈ جبکہ 23 کلومیٹر طویل کنڈ بنگلہ تا شنکیاری ہٹ روڈ شامل کئے جائیں گے۔اسی طرح ترقیاتی پروگرام کے تحت ہزارہ ڈویژن میں 15 کلومیٹر طویل روڈ منور ویلی ، گنول تا پاپرنگ روڈ ، شوگران روڈ، منڈی مالی روڈ اور کومل گلی تا چورا سری روڈ بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ملاکنڈ ڈویژن میں 3 کلومیٹر طویل اناکار روڈ ، 7 کلومیٹر طویل مرغزور تا ایلم روڈ ، 5 کلومیٹر طویل ڈاگ سر روڈ ،6 کلومیٹر طویل میدان تا بیشیرام لیک روڈ، 4 کلومیٹر طویل ارین درل روڈ، 3 کلومیٹر گدر لیک روڈ کالام، 4 کلومیٹر طویل بحرین جگہ تا بالا گڑھی روڈ، 4.5 کلومیٹر طویل برج بانڈہ روڈاور 14 کلومیٹر کافر بانڈہ روڈ تعمیر کئے جائیں گے ۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا،وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری ٹوارزم ،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو،سیکرٹری پی اینڈ ڈی، ایم ڈی ٹوارزم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔