News Details

28/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا پلوسئی پشاور میں جلسہ عام سے خطاب

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں عوام کی فلاح و بہبود کےلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں جلد احساس پروگرام کا آغاز کرنے جارہی ہے، جبکہ اسی سال جون تک صوبے کے تمام شہریوں کو صحت انصاف کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ بنا ہوں وہ پورا کرکے دکھاوں گا ۔ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم کی معیار کی بہتری کے لئے ٹھو س اقدامات کر ہی ہے جبکہ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی و دیگر سہولیات کو جلد پورا کیا جائیگا۔ وہ پلوسئی پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد، ایم این اے ارباب شیر علی، صوبائی اراکین اسمبلی پیر فدامحمد ،محمد آصف، ارباب جہاندادو دیگر پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔ جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔ پی ٹی آئی کو گزشتہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ایک بدحال پاکستان ملا تھا اور ہماری قیادت نے بیرونی سطح پر ملک کی مثبت تصویر کشی پیش کرکے خارجہ پالیسی بہتر بنائی جبکہ معاشی استحکام کیلئے وقتی طور پر سخت فیصلے کئے تاہم ملک ترقی کی طرف گامزن ہے اور ملک کی معیشت جلد بہتر ہو جائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں بہتر کارکردگی اور عوام دوست پالیسیوں کے بدولت خیبرپختونخوا میں مسلسل دوسری بار اقتدار ملنا تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت جو بھی ترقیاتی کام کرے گی وہ پوری دنیا دیکھیں گی جبکہ پچھلے دورے حکومتوں میں حکمرانوں نے عوام کیساتھ دھوکے کے سواءکچھ نہیں کیا ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کو جب حکومت ملی تو ملک کی معیشت اور ادارے دونوں ابتر حالات میں تھے ۔ سابقہ کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن سے ملکی خزانہ خالی ہوا تھا جس کی وجہ سے آج عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مصنوعی اور وقتی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ عوام نے گھبرانا نہیں سخت وقت گزرنے والا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تقریباً پانچ سے چھ ماہ میں یہ سخت حالات ختم ہو جائیںگے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کی خارجہ پالیسی مثبت سمت میں جارہی ہے ، عمران خان کی کاوشوں کے بدولت امریکی صدر نے بھارت میں ہی پاکستان اور عمران خان کی تعریف کی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں ہی اسلام ، کشمیر اور پاکستان کی بات کی ہے جو کہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ تحریک انصاف کی سیاست عوام کے لئے ہے ، پورے ملک میں عمران خان واحد لیڈر ہے جس کے لئے عوام نکلتی ہے۔ تحریک انصاف واحد سیاسی پارٹی ہے جو عوام کی بہتری اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے کوششیں کر رہی ہے جبکہ ان کوششوں کی ہی بدولت پورے ملک میں پی ٹی آئی عوام میں سب سے زیادہ مقبول سیاسی پارٹی ہے۔