News Details

27/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا چکدرہ لوئر دیر کا دورہ

جہاں پر انہوں نے چکدرہ لوئر دیر کے مقام پر نئے تعمیر ہونے والے 6کلومیٹر چکدرہ بائی پاس کا باضابطہ افتتاح کیاہے۔ منصوبے پر 450ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ منصوبہ دو سالوں میں مکمل کیا جائیگاجس سے دیر پائیں ، دیر بالا ، باجوڑ اور چترال کے تقریباً 33لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ مذکورہ بائی پاس روڈ کی تعمیر علاقے کے چار اضلاع کے عوام کا مشترکہ اور دیرینہ مطالبہ تھاجسے موجودہ حکومت نے پورا کر دیا ہے۔ چکدرہ بائی پاس روڈ کی تعمیر سے چکدرہ کے مقام پر بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ادنیزئی دیر پائیں میں مجوزہ سانام ڈیم کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور اس منصوبے کا افتتاح بھی وہ خود کریں گے ۔ اُنہوںنے چکدرہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو کیٹگری بی کا درجہ دینے جبکہ مذکورہ ہسپتال میں ڈائیلاسز یونٹ کی عملے کی فراہمی ممکن بنائی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے تیمر گرہ میں واکنگ ٹریک کیلئے 5 کروڑ روپے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیاہے۔ انہوں نے گل آباد سربالا روڈ اور چکدرہ بازار کی بیوٹیفکیشن کابھی اعلان کیا ہے۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ دیر بالا میں کیڈٹ کالج کا قیام آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا جبکہ 40 میگاواٹ کی استعداد رکھنے والی کوٹو ہائیڈل پراجیکٹ کی پیداواری بجلی ویلنگ کے ذریعے مقامی صنعتوں کو فراہم کی جائیگی تاکہ یہا ں پر صنعتی شعبہ تیز تر ترقی کر سکے ۔ انہوںنے کہا کہ چکدرہ تا چترال ایکسپر یس وے کا منصوبہ بھی منظور ہو چکا ہے اور عنقریب وزیراعظم پاکستان عمران خان خود آکر اس میگا پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے ۔ یہ اعلانات وزیراعلیٰ نے جمعرات کے روز چکدرہ دیر پائیں میں چکدرہ بائی پاس کے سنگ بنیاد کی افتتاح کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیاہے۔جلسہ عام میں دیر پائیں اور باجوڑ سے منتخب ایم این اے محمد بشیر خان، گل داد خان اور محبوب شاہ ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی شفیع اﷲ خان، پی ٹی آئی ملاکنڈ کے صدر و ڈیڈک چیئرمین فضل حکیم خان، ایم پی ایز محمد اعظم خان، ملک لیاقت، ہمایون خان و دیگر اراکین اسمبلی، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود، ڈپٹی کمشنر لوئر دیر سعادت حسن، ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ریحان خٹک سمیت تمام سرکاری محکمہ جات کے افسران ، پی ٹی آئی کے کارکنان اور علاقہ کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تختے کی نقاب کشائی کرکے باقاعدہ طور پر چکدرہ بائی پاس کے مواصلاتی منصوبے کا افتتاح کیاہے۔ دریں اثناءانہوںنے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کو ہدف تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ دیر پائیں پر 70 سال برسر اقتدار روہنے والے لوگوں نے یہاں کے عوام کی بھلائی کیلئے کچھ نہیں کیاہے۔ اُنہوںنے کہا کہ دیر کے عوام کو گزشتہ ادوار میں ترقی سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ موجودہ صوبائی حکومت اس علاقے کو ترقی کے سفر میں برابر حصہ دے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ وہ باجوڑ اور دیر بار بار آتے رہیں گے تاکہ یہاں کے عوام کو محرومی کا احساس نہ ہو۔ اُنہوںنے دیر کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور کہاہے کہ یہاں کہ عوام سے ان کی گہر ی محبت ہے اور الیکشن میں یہاں کے لوگوں نے ان کا بھر پور ساتھ دیا ہے جو وہ کبھی نہیں بھولیں گے ۔ اُنہوںنے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کو گزشتہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ایک بدحال پاکستان ملا تھا اور ہماری قیادت نے بیرونی سطح پر ملک کی مثبت تصویر کشی پیش کرکے خارجہ پالیسی بہتر بنائی جبکہ معاشی استحکام کیلئے وقتی طور پر سخت فیصلے کئے تاہم ترقی کا سورج طلوع ہونے والا ہے اور ملک کی معیشت جلد بہتر ہو جائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں بہتر کارکردگی اور عوام دوست پالیسیوں کے بدولت خیبرپختونخوا میں مسلسل دوسری بار اقتدار ملنا تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان تحریک انصاف مخالفین کے منفی پروپیگنڈوں سے مرغوب نہیں ہو گی اور 5 سال کیلئے صوبے کے عوام کی خدمت کرے گی۔ اُنہوںنے کہاکہ وہ اس صوبے کے خوش قسمت وزیراعلیٰ ہیں جن کے دور میں 70 سالوں سے محروم نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کو صوبے میں ضم کیا گیا اور اب وہ علاقے ترقی کے دہارے میں شامل ہو گئے ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے احساس پروگرام شروع کیا ہے جبکہ بہت جلد صوبے میں احساس آمدن پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت جو بھی ترقیاتی کام کرے گی وہ پوری دنیا دیکھیں گی جبکہ پچھلے دورے حکومتوں میں حکمرانوں نے عوام کیساتھ دھوکے کے سواءکچھ نہیں کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں بیروزگاری کا خاتمہ صنعت کاری کے ذریعے ممکن بنائےں گے۔ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جوبچوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی و دیگر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بچوں سے زیادتی کرنے والوں کو عبرتناک سزائیں دلائی جائیں گی۔ جلسےسے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، ملاکنڈ ریجن پی ٹی آئی کے صدر و ڈیڈک چیئرمین فضل حکیم خان ، ایم پی اے ہمایون خان ، ایم این ایز بشیر خان اور محبوب شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔