News Details
22/02/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے اور وفاق میں اگلی حکومت دوبارہ پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی، ہم اپنی کارکردگی اور وژن کی بنیاد پر دوبارہ حکومت قائم کریں گے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے اور وفاق میں اگلی حکومت دوبارہ پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی، ہم اپنی کارکردگی اور وژن کی بنیاد پر دوبارہ حکومت قائم کریں گے۔ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں پر سیاسی سرگرمیاں آج بھی جاری ہیں اور ان میں عوام جوق درجوق شرکت کر رہے ہیں۔ ضلع صوابی میں شمولیتی جلسہ ، جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولت کا اعلان کیا ،سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ عمران خان کو ایک ایسا ملک حوالے کیا گیا جس کے تمام ادارے خسارے میں تھے ، ملک 30ہزار ارب روپے کے قرضے میں ڈوبا ہوا تھا، ریلوے ، سٹیل ملز، واپڈا سمیت تمام تر صنعتیں خسارے میں تھیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان گرے لسٹ میں شامل تھا۔ ان کرپٹ حکمرانوں کا کیا ہوا خمیازہ ہم بکھت رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہونے جارہا ہے۔پشاور سے لیکر ڈی آئیخان موٹر وے ، 600میگاواٹ توانائی کے منصوبے ، سوات موٹروے کی توسیع، چترال سے لیکر شندور اور گلگت تک روڈ اور دیگر بڑے منصوبے موجودہ وفاقی حکومت کی مدد سے سی پیک میں شامل کئے جا چکے ہیں جس کے لئے ہم عمران خان اور وفاقی حکومت کے مشکور ہے۔ ان منصوبوں کے علاوہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کےلئے ہنگامی اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے ، جس سے خیبرپختونخوا نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع کا انضمام ، جو کہ پانچ سالہ منصوبہ تھا ، محض 15مہینوں میں سر کیا۔ قبائلی اضلاع میں پر امن اور کامیاب انتخابات کرائے ، قبائلی اضلاع کے نمائندے کابینہ کا حصہ بنے، تمام قبائلی عوام کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے مفت صحت سہولیات فراہمی کیں ، قبائلی نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں، 28ہزار خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کو مستقل بنیادوں پر پولیس میں شامل کرکے 28ہزار خاندانوں کو ذریعے معاش فراہم کیا اور تاریخ میں پہلی مرتبہ 83ارب روپے حجم کا سالانہ ترقیاتی بجٹ قبائلی اضلاع کیلئے مختص کرکے کارکردگی کی تاریخ رقم کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں سال جون تک صوبے کے تمام تر عوام کو صحت انصاف کارڈ فراہم کر دی جائیگی، جس کے ذریعے عوام علاج معالجہ مفت کرا سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعت کے فروغ کیلئے حال ہی میں وفاقی حکومت کی تعاون سے ویلنگ ماڈل کا اجراءکردیا گیا ہے، جس کے تحت پیہور پن بجلی منصوبے سے پیداکردہ 18میگاواٹ بجلی 7روپے فی یونٹ صنعتوں کو فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں دیگر منصوبے بھی جاری ہے ، جس سے پیداکردہ بجلی کو اسی ماڈل کے ذریعے صوبے میں صنعتی زونز کو سستے داموں فراہم کی جائیگی، جس سے نہ صرف صوبے میں ایک صنعتی انقلاب آئیگا بلکہ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ عوام کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ضلع صوابی میں پیہور برانچ سے منسلک کینال پٹرول روڈ اور درہ مائینر سے منسلک کینال پٹرول روڈ کی توسیع کا افتتاح بھی کیا۔ منصوبوں پر کل 137.62 ملین روپے لاگت آئے گی جس سے بکھر ، ناظم آباد، پلوڈنڈ اور گاو ¿ں سلیم خان ، پیتئی ، سلیم خان اورعلاقہ مانیرئی کے عوام استفادہ کر سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے شعبہ صحت میں جاری اصلاحات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ایک جامع ہیلتھ پلان پر کام کر رہی ہے ، جس پر اگلے چھ ماہ تک عملدرآمد کر لیا جائیگا ، اور عوام بی ایچ یوز ، آر ایچ سیز، ڈی ایچ کیوز اور تما م تر ہسپتالوں میں واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔ تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں سال 30مارچ تک 12ہزار اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل مکمل کر لیا جائیگا، جبکہ مزید اساتذہ اسی سال بھرتی کرکے قبائلی اضلاع سمیت صوبے بھر کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کر دی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور ریاست مدینہ کی طرز پرایک فلاحی ریاست کے قیام کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیہور ہائی لیول ایکسٹینشن زرعی منصوبے کوگیارہ ارب سے بڑھا کر اٹھارہ ارب روپے تک بڑھا دیا گیا ہے، جس سے 2.5لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں ایک زرعی انقلاب برپا ہوگا جس سے خیبرپختونخوا نہ صرف زرعی شعبے میں خود کفیل ہو سکے گا بلکہ صوبے کے عوام کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ کرپشن اور بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کرنا ، کرپٹ اور بدعنوان عناصر کی نشاندہی کرکے حکومت کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ضلع پشاور میں 15پٹواریوں کو بدعنوانی کے باعث برخاست کیا گیا ہے ، اور عوام سے اپیل کی گئی کہ کرپٹ عناصر کی نشاندہی کرکے حکومت کا ساتھ دیں، اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ،وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر،وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان ، اراکین صوبائی اسمبلی عاقب اللہ ، ارشد عمرزئی اور دیگر سیاسی رہنماءبھی موجود تھے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے بے حد مشکور ہیں ، جنہوں نے ان کی جانب سے کئے گئے تمام مطالبوں کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ ضلع صوابی میں بلانے پر ہر مرتبہ ائے اور صوابی کے عوام کو اپنانے کا احساس دلایا۔ جلسے سے خطاب میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہے جنہوں نے سخت فیصلے لیکر پاکستان کو دلدل سے نکالا۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک پاکستان کی آمدن ہماری اخراجات سے نہ بڑھ جائےں ہم کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وقتی تکلیف اور سختیاں ختم ہونے جارہی ہے اور بہت جلد پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔