News Details
19/02/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع پشاور میں تمام خستہ حال سکولوں اوربنیادی ہیلتھ مراکز کی تعمیر نو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام محکمے متعلقہ عوامی نمائندوں کے ساتھ تمام تر تعاون یقینی بنائے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع پشاور میں تمام خستہ حال سکولوں اوربنیادی ہیلتھ مراکز کی تعمیر نو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام محکمے متعلقہ عوامی نمائندوں کے ساتھ تمام تر تعاون یقینی بنائے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو منتخب نمائندوں کو وقت دینے کے لئے میٹنگ میکانزم بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ منتخب نمائندوں کے جائز کام بروقت نمٹائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کو ضلع پشاور میں تمام خستہ حال سکولز کی دوبارہ سروے اور ان میں تمام سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ضلع پشاور میں منظور شدہ سکیموں کو جلداز جلد مکمل کیا جائے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی تمام محکموں پر مشتمل ایک ٹیم اشیائے خوردنوش کے معائنے کیلئے دورے کرے ، تاکہ مطلوبہ مقصد بھی حاصل ہو اور دکانداروں کو مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو۔وزیراعلیٰ نے ضلع پشاورکے تمام صحت سہولت مراکز میں سٹاف کی شفلنگ کےلئے جامع ایکسرسائز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کا کام عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیناہے، جس کے لئے صوبائی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ضلع پشاور کے تمام صحت سہولیات مراکز میں مفت اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ضلع پشاور کی ترقی اور شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع پشاور کے عوامی منتخب نمائندوں کیساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا ہے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش،ا راکین صوبائی اسمبلی فضل الٰہی، ارباب جانداد، انجنیئر فہیم خلیل، ارباب وسیم، ملک واجد، آصف خان، پیر فدا، ڈپٹی کمشنر پشاور، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، ڈی جی پی ڈی اے ، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈر ایجوکیشن و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ضلع پشاور کے صوبائی اسمبلی اراکین نے اجلاس کو ضلع پشاور میں عوام کو درپیش مسائل ، جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت ، نکاسئی آب ودیگر تمام تر مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور میں 96بی ایچ اوزکی تعمیر نو کےلئے 66ملین روپے کا پی سی ون مکمل کرلیا گیا ہے، اور خستہ حال بی ایچ اوز کی سروے بھی کرائی گئی ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ اسی سال جون سے پہلے پہلے تمام تر بی ایچ اوز کی تعمیر نو اور اس میں سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع پشاور کے تمام بڑے ہسپتالوں کو آلات اور سٹاف کی فراہمی ممکن بنائی جائیگی جبکہ صفت غیور چلڈرن ہسپتال میں سہولیات اور معیاری ادویات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائیگی ، جبکہ مذکورہ ہسپتال کو موضوع بلڈنگ میں منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات ممکن بنائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ ایم پی ایز کو لوکل گورنمنٹ کیساتھ مل بیٹھ کر سڑکوں ، نکاسئی آب، سٹریٹ لائٹس و دیگر مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو ضلع پشاور میں کالجوں کی بہتری اور ان میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائبر ہوڈ اور ویلج کونسل فنڈز کی فراہمی متعلقہ ایم پی ایز کو یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی منتخب نمائندے اپنے اپنے حلقے کے عوام کیلئے ترقیاتی سکیموں کی تکمیل جلد از جلد ممکن بنائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع پشاور کی ترقی و خوشحالی پورے صوبے کی ترقی ہے ، جس کیلئے صوبائی حکومت تمام تر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔