News Details

18/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع ایبٹ آباد اپر دہنی روڈ پر تعمیراتی کام مکمل کرنے کیلئے مجوزہ فنڈ کی منظوری سے اُصولی اتفاق کیا ہے جبکہ سرہان ہائی سکول ایبٹ آباد کیلئے مجوزہ بلڈنگ کی تعمیر کی بھی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع ایبٹ آباد اپر دہنی روڈ پر تعمیراتی کام مکمل کرنے کیلئے مجوزہ فنڈ کی منظوری سے اُصولی اتفاق کیا ہے جبکہ سرہان ہائی سکول ایبٹ آباد کیلئے مجوزہ بلڈنگ کی تعمیر کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ضلع ایبٹ آباد میں بوئی ڈگری کالج اور بکوٹ ڈگری کالج کی تعمیر کی بھی یقینی دہانی کرائی ہے ۔ اُنہوںنے کہاہے کہ ضلع ایبٹ آباد میں بوئی تا گڑھی حبیب اﷲ16 کلومیٹر روڈ کی تعمیر جلد ممکن بنائی جائے گی اور کہا ہے کہ یہ روڈ سیاحت اور ڈیفنس کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ضلع ایبٹ آباد میں بوئی سے ٹھنڈیانی روڈ کی تعمیر بھی ترجیحات میں شامل ہے ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد سیاحتی اعتبار سے بہت اہم ضلع ہے ،صوبائی حکومت ایبٹ آباد میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ ضلع ایبٹ آباد میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دے رہے ہیں ، جس سے نہ صرف ایبٹ آبادکی ترقی ممکن ہو گی بلکہ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔ ان خیالات کاا ظہار وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد سے رکن صوبائی اسمبلی نذیر عباسی کی قیادت میں ایک وفد سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کے دوران کیا ہے۔ملاقات میں وفد کے اراکین کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو ایبٹ آباد میں ترقیاتی کاموں ، تعلیم و صحت اور وہاں پر عوام کو دیگر درپیش مسائل کے بارے تفصیلاً آگاہ کیا۔ اجلاس کو بوئی ایبٹ آباد میں پیٹرنڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ کو پیٹرنڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں بوئی کے عوام کواراضی معاوضے مسئلے کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔وفد نے صوبائی حکومت سے بوئی کے عوام کے اراضی معاوضے مسئلے کے حل کی اپیل بھی کی ہے ، جس پر وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ اراضی معاوضے کے حل کیلئے صوبائی حکومت تمام ترممکن اقدامات اُٹھائے گی اور اراضی معاوضے مسئلے کا حل جلد ازجلد ممکن بنائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت پسماندہ اضلاع کی دیر پا ترقی ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنا رہی ہے جس کے لئے عملی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ اگلے بجٹ میں ایبٹ آباد کے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ضلع ایبٹ آباد کیلئے ترقیاتی پیکج دیا جائے گا جس سے ایبٹ آباد کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے گا ۔ صوبائی حکومت اُن علاقوں کی ترقی پر زیادہ توجہ دے رہی ہے جو کہ پچھلے کئی دہائیوں سے ترقی سے محروم رہے ہیں۔ ضلع ایبٹ آباد کو سیاحتی مقام حاصل ہونے کی وجہ سے وہاں کی ترقی اولین ترجیح ہے ۔ ایبٹ آباد میں سیاحت کو ترقی دینے سے نہ صرف صوبائی محاصل میں اضافہ ممکن ہو گا بلکہ وہاں پر مقامی افرادکیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ضلع ایبٹ آباد کے تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ اس موقع پروفد نے وزیراعلیٰ کو ایبٹ آباد کے دورے کی بھی دعوت دی ہے ۔