News Details

17/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع پشاور میں بجلی اور گیس کے معمولی اور ناگزیر نوعیت کے مسائل جلدحل کرنے ،منطور شدہ منصوبوں پر بلاتاخیر کام شروع کرنے ،خصوصی طو ر پر آنے والے موسم گرماکے دوران بجلی کے ممکنہ مسائل سے نمٹنے اور عوام کو بجلی کی فراہمی کے لئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع پشاور میں بجلی اور گیس کے معمولی اور ناگزیر نوعیت کے مسائل جلدحل کرنے ،منطور شدہ منصوبوں پر بلاتاخیر کام شروع کرنے ،خصوصی طو ر پر آنے والے موسم گرماکے دوران بجلی کے ممکنہ مسائل سے نمٹنے اور عوام کو بجلی کی فراہمی کے لئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پشاور میں بجلی اور گیس کے مسائل کے کل وقتی حل کیلئے مختصر المدتی اور طویل المدتی پلان پر مشتمل قابل عمل تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور منتخب نمائندے ان مسائل کے حل کیلئے بھر پور تعاون کر رہے ہیں ، اسلئے اب متعلقہ ادارے بھی سنجیدہ اقدامات یقینی بنائےں۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع پشاور کے بجلی اور گیس کے حوالے سے مسائل پر اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سمیت ضلع پشاور کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیسکو، جنرل منیجر ایس این جی پی ایل اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں درپیش بجلی اور گیس کے مسائل اجاگر کئے ، جن میں کم پریشر ، لوڈ شیڈنگ ، ٹرانسفارمرز کی عدم تنصیب، خراب شدہ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی میں تاخیر، کرپشن کے حوالے سے شکایات اور دیگر متعلقہ مسائل شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پیسکو اور ایس این جی پی ایل کے اعلیٰ حکام سے مسائل کے حل کے لئے جاری اقدامات کے بارے تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر آئندہ موسم گرما کے تناظر میں پیشگی انتظامات کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ شدید گرمی میں عوام کو بجلی کے حوالے سے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کے جو مسائل فوری نوعیت کے ہےں وہ جلد حل کئے جائیں اور اس سلسلے میں اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو ، تو آگاہ کریں۔ صوبائی حکومت بر وقت تعاون یقینی بنائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ کرپشن کے حوالے سے عوامی نمائندو ں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ بجلی کا مسئلہ حل کرنا ہے ، اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ۔ انہوں نے بل ادا کرنے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ، اور ہدایت کی کہ خراب شدہ ٹرانسفارمر کی تبدیلی اور دیگر ہنگامی اقدامات طے شدہ ٹائم لائن کے اندر اٹھائے جائیں۔ محمود خان نے پشاور میں چالیس ایم وی اے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا مسئلہ جلد حل کرنے اور اے وی سی کیبل کے انتظامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ آئندہ دو ہفتوں کے بعد دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائیگا۔