News Details

14/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے بشمول ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری کی تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں سڑکوں ، رابطہ پلوں ،سبزی منڈی سمیت دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی یقینی بنائی جائے گی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے بشمول ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری کی تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں سڑکوں ، رابطہ پلوں ،سبزی منڈی سمیت دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی یقینی بنائی جائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن میں محکمہ بلدیات کے نیچے ٹاﺅن کمیٹیاں مکمل فعال بنائی گئی ہیں جبکہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام اور خصوصاً تاجر برادری کو اس ضمن میںدرپیش مسائل کوجلد حل کیا جائے گا۔تاجر برادری کو ہر ممکن ریلیف دیں گے۔ صوبائی حکومت تجارتی سرگرمیاں مزید فعال بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔سوات ایکسپریس وے کی تکمیل سے پورے ملاکنڈ ڈویژن میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جبکہ ملاکنڈ کی تاجربرادری بھی ایکسپریس وے بھر پور استفادہ کر سکے گی ۔صوبائی حکومت سیاحتی پالیسی اور سیاحتی بورڈ کی تشکیل میں ملاکنڈ ڈویژن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے گی ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ملاوٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی ، البتہ فو ڈ انسپکیشن کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی ایک مشترکہ ٹیم معائنہ کیا کرے تاکہ عوام کو اس حوالے سے مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو اور مطلوبہ مقصد بھی حاصل کیا جاسکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے نظام کو ٹھیک کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقتدار ملا ہے جبکہ موجودہ صوبائی حکومت پورا نظام ٹھیک کرکے عوام کو تمام تر ریلیف فراہم کرے گی ۔ اُنہوںنے یقین دلایا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری کو وفاقی سطح پر جتنے بھی حل طلب مسائل کا سامنا ہے، ان مسائل کے حل کیلئے متعلقہ فورم پراقدامات لئے جائیں گے ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ ضلع ملاکنڈ میں ٹی ایم اے تمام اُمور کو ریگولیٹ کر رہی ہے جس سے بلدیات کے حوالے سے عوام کے زیادہ تر مسائل جلد حل ہو جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کیلئے پہلے سے دو پل اے ڈی پی میں شامل کئے گئے ہیں جو ٹینڈرنگ فیز میں ہیں ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاورمیں ضلع ملاکنڈ سے سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبد الرحیم کی قیادت میں آئے ہوئے تاجربرادری کے ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے ۔ ملاقات میں وزیر زراعت محب اﷲ،ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین سوات فضل حکیم خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹر ی شہاب علی شاہ اور وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ان کے تمام تر حل طلب مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ تاجر برادری کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ ملاکنڈ ڈویژن میں تجارت کے فروغ کیلئے چھوٹے چھوٹے انڈسٹریل زونز کا قیام یقینی بنایا جارہا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ان انڈسٹریل زونز کو ویلنگ کے ذریعے سستی بجلی فراہم کی جائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ بٹ خیلہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن ہو گئی ہے ، جس سے وہاں کے عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی ممکن ہو ئی ہے جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کی منظوری بھی ہو چکی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ تیمر گرہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک بڑی واٹر سپلائی سکیم کا قیام بھی ممکن بنایا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کی ترقی و بحالی ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے گی ۔ اُنہوںنے کہا کہ چکیسرروڈ اور رابطہ پل کو اے ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے ، جس کی تعمیر سے وہاں کے عوام کو سفری سہولیات فراہم ہو سکے گی ۔اُنہوںنے کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن میں ڈبلیو ایس ایس سی کی کارکردگی مزید بہتر کررہے ہیں جس سے ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کی صفائی ممکن بنائی جائے گی جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں پیتھم ادارے کی بحالی پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملاکنڈ ڈویژن کی تاجربرادری نے سوات ایکسپریس وے ، ملاکنڈ ڈویژن میں سڑکوں کی تعمیر وبحالی اور شہروں کی خوبصورتی اور تاجربرادری کے مسائل کے حل پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا جبکہ صوبائی حکومت کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔