News Details

12/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع صوابی میں125 ایکٹر اراضی پر عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے 600.95 ملین روپے گرانٹ کی منظوری دی ہے جبکہ منصوبے کورواں سال اے ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے ہوم ورک مکمل کرکے حتمی سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع صوابی میں125 ایکٹر اراضی پر عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے 600.95 ملین روپے گرانٹ کی منظوری دی ہے جبکہ منصوبے کورواں سال اے ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے ہوم ورک مکمل کرکے حتمی سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق منصوبے میں عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 224 ملین روپے ، الیکٹرک انسٹالیشن کیلئے 151.76 ملین روپے ، نکاسی آب ، پلمبنگ اور گیس انسٹالیشن کیلئے 112.50 ملین روپے ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے 80 ملین روپے جبکہ نیٹ ورک اور آئی ٹی کیلئے 32.69 ملین روپے فنڈزصوبائی حکومت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو سراہتی ہے جبکہ صوبائی حکومت اس ضمن میں راشد میموریل ٹرسٹ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے ضلع صوابی میں عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میںایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی شکیل قادر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، ، راشد میموریل ٹرسٹ وفد کے عہدیداران و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ اجلاس کو راشد میموریل ٹرسٹ کے قیام اور ملک میں مختلف ویلفیئر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ راشد میموریل ٹرسٹ کا مقصد غربت اور ناخواندگی کا خاتمہ ، دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی ، غریب عوام کی معاشرتی ترقی اور قومی یگانگت کا فروغ ہے۔ راشد میموریل ٹرسٹ معاشرے کے یتیم ،بے بس اور نادار افراد کی معاشی ترقی ، اُن کو تکنیکی مہارت فراہم کرنا ، مفت تعلیمی و صحت سہولیات و دیگر کمیونٹی سروسزکی فراہمی جیسے اقدامات پر خصوصی کام کر رہی ہے ۔ اجلاس کوضلع صوابی میںعالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن کے قیام و پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن کے قیام کیلئے درکار125 ایکٹر اراضی حاصل کی گئی ہے جبکہ پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے ویلفیئر ٹاﺅن کی باونڈری وال بھی مکمل کی گئی ہے ۔ عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن کے مین گیٹ کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ ویلفیئر ٹاﺅن میں مسجد کی تعمیر پر اکتوبر 2019 میں تعمیراتی کام شروع کیا گیا ہے۔ اسی طرح عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن میں200 بیڈز پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر پر بھی نومبر2019 ءمیں کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔ مارچ2020 ءتک سکولوں کے قیام کیلئے ڈیزائن کوحتمی شکل دی جائے گی ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن میں رہائشی اپارٹمنٹس کے ڈیزائن پر بھی کام جاری ہے جبکہ سڑکوں ، فٹ پاتھس، نکاسی آب ، بجلی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کیلئے پی سی ون کو بھی مکمل کیا گیا ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عالم آباد ویلفیئر ٹاﺅن کے قیام سے صوبے اور خصوصی طور پر مقامی آبادی کے بے بس اور غریب افراد کو وضع شدہ طریقہ کار کے مطابق اپارٹمنٹس فراہم کئے جائیں گے جبکہ ویلفیئر ٹاﺅن میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کا وژن ہی فلاحی ریاست کا قیام ہے ۔ صوبائی حکومت صوبے میں سماجی بہبود اور معاشرے کی فلاح کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے گی ۔