News Details

11/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع مردان حلقہ پی کے۔53 کی یونین کونسل بجلی گھر میں دو پرائمری سکولزکے قیام کیلئے متعلقہ محکمے کو سمری بھجوانے کی ہدایت کی ہے جبکہ ضلع مردان پی کے۔53 میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کی بھی یقین دہانی کرائی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع مردان حلقہ پی کے۔53 کی یونین کونسل بجلی گھر میں دو پرائمری سکولزکے قیام کیلئے متعلقہ محکمے کو سمری بھجوانے کی ہدایت کی ہے جبکہ ضلع مردان پی کے۔53 میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اُنہوںنے پی کے۔53 یونین کونسل چمتار اور گیس سے محروم دیگر علاقوں کو گیس کی فراہمی کیلئے تمام ممکن اقدامات اُٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ حلقہ پی کے۔53میں سکولوں کے قیام اور مساجد کی سولرائزیشن کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ مردان سٹی میں نکاسی آب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اگلے بجٹ میں ضلع مردان پی کے۔53 کی محرومیوں کا مداوا کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں مردان پی کے۔53سے رکن صوبائی اسمبلی عبد السلام آفریدی کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ہے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی رہنما افتخار خان مہمند ، حاجی حیات خان ، ساجد اقبال مہمندودیگر ضلعی و تحصیل عہدیداران بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو حلقہ پی کے ۔53 کے تمام یونین کونسلز میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ کو پی کے۔53 میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پورے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے عملی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ اُنہوںنے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پی کے۔53 کے تمام حل طلب مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ تحریک انصاف کی حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر صوبے کے تمام حلقوں میں ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ یونین کونسل چمتار میں گیس کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت مکمل مالی تعاون فراہم کرے گی جبکہ وفاقی سطح پر سوئی گیس کمیٹی میں بھی اس کو زیر بحث لایا جائیگا۔ اس موقع پر وفد نے وزیراعلیٰ کو ضلع مردان میں دورے کی دعوت بھی دی ہے بعدازاں مردان پریس کلب کے صدر لطف اﷲ لطف کی سربراہی میںپریس کلب کے نمائندہ وفد نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور مردان پریس کلب اور صحافتی برادری کے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مردان پریس کلب اور ضلع مردان کے صحافتی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔