News Details

11/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے چیئرمین چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے چیئرمین چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سی پیک میں شامل خیبرپختونخوا حکومت کی ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کی مالی استحکام کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے، جس میں بیرونی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری کیلئے مدعوکرنا ، صوبے میں صنعتی ترقی کو فروغ دینا اور صوبے کو سیاحت کا مرکز بنانا جیسے اہم متعدد اقدامات شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخوا علاقائی تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے جارہا ہے۔ پشاور سے ڈی آئیخان ایکسپریس وے، سوات موٹر وے فیز ٹو اور چکدرہ تا گلگت براستہ شندور موٹر وے کی تکمیل سے نہ صرف صوبے میں مواصلاتی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شندور روٹ کو سی پیک کے بطور متبادل روٹ بھی استعمال کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں مقامی صنعتوں کو ویلنگ کے ذریعے سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے جس سے صوبے کی محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال پروجیکٹ کو سی پیک میں شامل کرنا موجودہ صوبائی حکومت کا صوبے کی دیرپا ترقی کیلئے ایک اہم کارنامہ ہے ، جس سے صوبے کے جنوبی اضلاع میں غربت کے خاتمے میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گومل زام ڈیم منصوبے کی تکمیل سے صوبے کے جنوبی خطے میںزراعت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ جبکہ غربت کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، جبکہ خاص طور پر نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میںمائنز اینڈ منرلز کے شعبوں میں بہترین سرمایہ کاری سے بھر پور فائدہ اٹھایا جارہا ہے ۔ اس موقع پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے سی پیک میں شامل صوبائی حکومت کے منصوبوں کی تکمیل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف خیبرپختونخوا میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے بھی یہ منصوبے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کو سونیئر بھی پیش کیا ہے۔ ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، صوبائی کوآرڈینیٹر سی پیک اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ہے۔