News Details

09/02/2020

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،نہ صرف سوات بلکہ پورے صوبے کیلئے جامع ترقیاتی منصوبہ بندی کی گئی ہے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،نہ صرف سوات بلکہ پورے صوبے کیلئے جامع ترقیاتی منصوبہ بندی کی گئی ہے، سوات میں سمال انڈسٹریل زون کیلئے اراضی کا بندوبست کیا جا رہا ہے جبکہ صوبے میں انڈسٹریز کیلئے ارزاں بجلی کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات جا ری ہےں۔ سپیشل پولیس فورس کو مستقل کیا گیا ہے، آئندہ دو ہفتوں میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا، موجودہ حکومت کو مہنگائی کا بخوبی احساس ہے لیکن ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کیوجہ سے آج مہنگائی ہم پرمسلط ہے، بہت جلد اس پر بھی قابو پا لیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سوات کے دوران پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر چیئرمین ڈیڈک ایم پی اے فضل حکیم خان کے حجرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ صوبے کے حقوق کے امین ہیں اور صوبائی حقوق کے حصول میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ، انہوں نے واضح کیا کہ وفاق نے بھی صوبے کا حق دینے سے انکار نہیں کیا اور وزیراعظم خود بھی اس حوالے سے انتہائی مخلص ہےں۔محمود خان نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کی ترقی کے لئے قابل عمل منصوبہ بندی کی گئی ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ نئے ضم شدہ اضلاع اور صوبے کے دیگر پسماندہ علاقوں کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا سوات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سوات میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا قیام، کالام اور مالم جبہ سڑکوں کی تعمیر کیساتھ ایکسپریس وے اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہےں۔ محمود خان نے کہا کہ سپیشل پولیس فورس کو مستقل کردیا گیاہے اورآئندہ پندرہ دنوں میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا شفافیت کے لحاظ سے صف اول پر ہے اور سرکاری بھرتیوں میں میرٹ کاخصوصی خیال رکھا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ سوات، بونیر، دیر، شانگلہ، چترال ملاکنڈ ڈویژن سمیت پورے صوبے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سیایک پلان ترتیب دیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور مینگورہ شہر میں پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ملکی سطح پر مہنگائی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش تمام مسائل کے کل وقتی حل کے لئے کوشش میں مصروف ہے ، ماضی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے قومی سطح پر مشکلات کا سامنا ضرور ہے مگر حکومت بہت جلد اس صورتحال کو قابو کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جو قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات کیساتھ طویل المدتی سوچ اور حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے ، تاکہ ملک و قوم کے دیرینہ مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ خوشحال اور مضبوط پاکستان ہماری حتمی منزل ہے جس کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔