News Details

08/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے چیئر مین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں اہم ملاقات کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے چیئر مین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں صوبہ خیبرپختونخوا میں واپڈا کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیاہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مہمند ڈیم منصوبے کی تیز رفتار تکمیل کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبہ علاقے کی دیرینہ ضرورت ہے ، جس کی تکمیل سے مہمند میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہو گا، بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا ، اور اس کے علاوہ زراعت اور روزگار کو بھی فروغ ملے گا، جس سے بلا شعبہ مقامی معیشت کو تقویت ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے مہمند ڈیم منصوبے کی نان ٹیکنیکل آسامیوں پر قواعد و ضوابط کیمطابق قبائلی ضلع مہمند کے مقامی افراد کی بھرتی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے صوبے میں جاری واپڈا کے دیگر منصوبوں کو بھی جلد مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے نہایت سنجیدگی کے ساتھ کوشاں ہے ، اس سلسلے میں طے شدہ اہداف کے حصول کے لئے قابل عمل منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ کو مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے کوہستان داسو ڈیم کی لوکل ایریا ڈویلپمنٹ پر کام جاری ہے ، جس پر چار ارب روپے لاگت آئیگی۔ وزیراعلیٰ کو مہمند ڈیم کی تعمیر و پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا ، اور بتا یا گیا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر پر کام جاری ہے، منصوبے کا تخمینہ لاگت 4.5ارب روپے ہے۔ ملاقات میں صوبہ خیبرپختونخوا میں واپڈا کے تمام ترجاری منصوبوں پر کام تیز کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے، اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سلسلے میں حتمی منصوبہ بندی آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ واپڈا کو صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت واپڈا کے ساتھ ہرممکن تعاون یقینی بنائے گی ۔وزیراعلیٰ کومزید بتایا گیا کہ محکمہ واپڈا بہت جلد قبائلی ضلع مہمند میں مقامی کرکٹ ٹیم اور واپڈاکرکٹ ٹیم کے درمیان کرکٹ میچ بھی منعقد کرائے گی جس سے واپڈا اور مقامی افراد میں روابط بھی بڑھیں گے اور باہمی اعتماد بھی پیدا ہوگا۔ چیئرمین واپڈا نے صوبہ خیبرپختونخوا میں محکمہ واپڈا کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے صوبائی حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے ۔