News Details
05/02/2020
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یوم یکجہتی کشمیر 5فروری کے موقع پر پیغام
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور دُنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کر سکتی ۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ ہماری جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی ۔ کشمیری بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سپورٹ کشمیر کی آزادی تک جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام جس طرح بھارتی سرکارکے ظلم و ستم کا شکار ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ انشاءاﷲ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اُصولی موقف کی تائید کر تی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نہتے کشمیری عوام پر تشدد کی بھرپور مذمت کرتی ہے،وزیراعلیٰ نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوںپر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پرامن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیںجاسکتا ۔اُنہوں نے عالمی طاقتوں پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے بنیادی حقوق اور حق خود ارادیت کی حمایت کرتی ہے اور یہ حمایت مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں بڑی دلیری اور دلائل کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ پیش کیا ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ ہم عمران خان کی والہانہ قیادت میں کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے اور مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔