News Details
26/01/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے احساس پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں غربت کے خاتمے کیلئے مجوزہ منصوبے سے اُصولی اتفاق کیا ہے، جس کے تحت مستحق قبائلی خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ بنیادوں پرراشن فراہم کیا جائیگا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے احساس پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں غربت کے خاتمے کیلئے مجوزہ منصوبے سے اُصولی اتفاق کیا ہے، جس کے تحت مستحق قبائلی خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ بنیادوں پرراشن فراہم کیا جائیگا۔ مجوزہ پلان کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام کی تکنیکی معاونت کے ذریعے قبائلی ضلع اورکزئی سے منصوبے کا بطور پائلٹ پروجیکٹ اجراءکرنے اور بعد ازاں دیگر قبائلی اضلاع تک توسیع دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ منصوبے کیلئے وسائل صوبائی حکومت فراہم کر ے گی ۔ پروگرام کا مقصد قبائلی اضلاع میں غریب اور نادار خاندانوں کو اشیاءخوردنوش میں معاونت فراہم کرنا ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے احساس پروگرام کے تحت اشیاءخوردونوش کی تقسیم اور طریقہ کارکے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کا مقصد قبائلی اضلاع کے غریب اور نادار خاندانوں کو ایشاءخوردونوش کی روزمرہ ضروریات کو پورا کرنے کے لئے معاونت فراہم کرنا ہے، جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام اس منصوبے میں صوبائی حکومت کوتکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ احساس پروگرام کے تحت قبائلی ضلع اورکزئی میں اشیاءخوردنوش کی تقسیم بطور پائلٹ پروجیکٹ شروع کی جائیگی، جس کے لئے باقاعدہ سروے بھی کرایا گیا ہے ۔ سروے کے مطابق 62فیصد لوگ غذائی قلت کا شکار ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ اشیاءخوردونوش ایک منظم اور جدید طریقہ کار کے تحت تقسیم کی جائیں گی، جس کے لئے راشن کارڈ کے طرز پر ایک سمارٹ کارڈ فراہم کیا جائیگا، جس سے صارفین روزمرہ اشیاءخوردنوش مقامی ریٹیلرز سے حاصل کر سکیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صارفین سمارٹ کارڈ کے ذریعے مہینے یا سہ ماہی بنیادوں پر اشیاءخوردنوش حاصل کرسکیں گے، جس میں آٹا ، دالیں، کوکنگ آئل، نمک اور چینی شامل ہوں گی، صارفین کو ماہانہ 1846.4 روپے کا راشن مہیا کیا جائیگا۔ قبائلی ضلع اورکزئی میں پائلٹ پراجیکٹ کیلئے ایک سال کا تخمینہ لاگت تقریباً 4.515ملین یو ایس ڈالر ز ہے۔ اجلاس کو پروگرام کی نگرانی کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیا گیا ۔ اور بتایا گیا کہ قبائلی ضلع اورکزئی میں منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے باقی تمام قبائلی اضلاع تک توسیع دی جائیگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں احساس پروگرام کے تحت غربت کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ صوبے بشمول نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں غریب اور نادار افراد کے لئے غذائی قلت کو دور کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے