News Details

20/01/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کوہاٹ ڈویژن کے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ (کے ڈی ڈی پی) کے تحت ترقیاتی سکیموں کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کوہاٹ ڈویژن کے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ (کے ڈی ڈی پی) کے تحت ترقیاتی سکیموں کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ حتمی منظوری کیلئے ترجیحی سکیموں کی ایک جامع تفصیل اسی سال 10 فروری تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔اس منصوبے کی شروعات اسی سال فروری کے مہینے میں متوقع ہے ۔ وزیر اعلی نے سکیموں کی ڈوپلیکشن سے بچنے کے لئے مجوزہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جامع مطالعہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کوہاٹ ڈویژن کے اس منصوبے کے لئے تیل و گیس پیدا کرنے والے اضلاع کے رائلٹی فنڈز سے مالی اعانت فراہم کی جائے گی جبکہ صوبائی حکومت کوہاٹ ڈویژن میں تیل کی پیداوار سے محروم تحصیلوں کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 20 فیصد فنڈ بھی دے گی۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ (کے ڈی ڈی پی) کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایم این اے شاہد خٹک ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان وزیر اعلی کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر ، وزیر اعلی کے پرنسپل سکریٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری توانائی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس کو کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے 147,000گھرانوں کو براہ راست فائدہ ہو گاجبکہ منصوبے سے پائیدار بنیادوں پر ان علاقوں میں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔منصوبے میں ضلع کوہاٹ ، ہنگو اور کرک کے 673 دیہات شامل ہیں جہاں ایک اندازے کے مطابق 15 ارب روپے خرچ ہوں گے جن میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے 9.7ارب روپے ، غربت میں کمی کے لئے 4 ارب روپے اور زراعت ، لائیو اسٹاک و جنگلات کی ترقی کے لئے 0.9 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اسی طرح دیگر اقدامات میں ضلع کرک میں 7 چھوٹے ڈیموں کی تعمیر ، ضلع ہنگو میں ایک چھوٹے ڈیم کی تعمیر ، 8 موجودہ آبپاشی سکیموں کی بحالی ، 39 غیر فعال واٹر سپلائی اسکیموں کی فعالیت ، 100 کلومیٹر دیہی سڑکوں کی بحالی جبکہ 135 گرلز پرائمری سکولوں اور 65 بی ایچ یوز کے لئے سہولیات کی فراہمی اور 100 ٹیوب ویلوں کی بحالی شامل ہیں۔اجلاس کو کوہاٹ ڈویژن کے پورٹ فولیو کے بارے میں بتاتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ 87 فیصد کاشت شدہ رقبہ بارانی ہے جس میں 50 فیصد سے زائد آبادی کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے جبکہ غربت کا تناسب 50 فیصد سے زیادہ ہونے کے باعث کوہاٹ ڈویژن کو فوری طور پر حکومت کی توجہ کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ کے ڈی ڈی پی صوبے میں یکساں ترقی کے حصول کی سمت ایک بڑا قدم ہو گا۔صوبے میں ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکل ضلع کرک میںبارانی علاقوں کے لئے ذخیرہ آب کے منصوبے کا افتتاح بھی کرنے والے ہیں جوکہ زرعی فضلہ اراضی کے وسیع علاقوں کو کاشت کے قابل بنایا جائے گا جس سے زمینوں کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور صوبے میں روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر آئیں گے