News Details

15/01/2020

محکمہ پولیس خیبرپختونخوا میں ای چالان کا باضابطہ اجراء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پولیس لائن پشاور میں ای چالان کا باضابطہ اجراءکیا ہے اور کہا ہے کہ ای چالان وزیراعظم کے وژن کیمطابق ڈیجیٹل پاکستان کی طرف ایک اہم سنگ میل ہے

محکمہ پولیس خیبرپختونخوا میں ای چالان کا باضابطہ اجراء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پولیس لائن پشاور میں ای چالان کا باضابطہ اجراءکیا ہے اور کہا ہے کہ ای چالان وزیراعظم کے وژن کیمطابق ڈیجیٹل پاکستان کی طرف ایک اہم سنگ میل ہے، اس نظام سے ٹریفک قوانین کے نفاذ میں مدد ملے گی اور مانیٹرنگ کا عمل بھی بہتر ہو گا۔ اس سلسلے میں پولیس لائن پشاور میں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ کو ای چالان سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس ثناءاللہ عباسی نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ یہ سسٹم دو ماہ کی قلیل مدت میں تیار کیا گیا ہے۔ ای چالان کی سہولت کے تحت ابتدائی طور پر صوبہ بھر کی پانچ ہزار فرنچائز پر جرمانہ جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کی موقع پر تصدیق اور ان کا ریکارڈ برقرار رکھنے کی سہولت بھی میسر ہے جبکہ ای چالان سسٹم کو سیف سٹی پروجیکٹ سے بھی منسلک کیا جائیگا، اب تک گیارہ سو ٹریفک وارڈنز کو ٹریننگ اور جدید ٹیکنالوجی گیجٹس فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ صوبہ بھر کے 28اضلاع بشمول قبائلی اضلاع خیبر اور مہمند کو مرکزی ڈرائیونگ لائسنس سے منسلک کردیا گیا ہے۔ اب صوبہ بھر کے اضلاع کی لائسنس مرکزی نظام کے تحت جاری کئے جاسکتے ہیں۔ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید نو اب کسی بھی ضلع سے ممکن ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ پولیس خیبرپختونخوا میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے عمل کو سراہا اور کہا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نبرد آزما کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے۔ انہوں نے ای چالان کے اجراءکو ایک بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کی جانب سفر میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ا ±مید ظاہر کی کہ محکمہ پولیس جدت کی طرف یہ سفر آئندہ بھی جاری رکھے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور چیف سیکرٹری دفتر سمیت دیگر تمام محکموں اوراداروں میں بھی ڈیجیٹلائزیشن متعارف کرانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ ماضی کے بوسیدہ نظام سے نکل کر مسابقتی د ±نیا کا مقابلہ کر سکیں۔ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی پہلے دور حکومت میں ہی ای گورننس کیلئے کاوشوں کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں شعبہ پولیس پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ شعبہ پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے گراں قدر اصلاحات بھی متعارف کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواپولیس اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے ملک کے دیگر صوبوں کی پولیس کے مقابلے میں ایک نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے قیام کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، صوبے میں امن عامہ کی بحالی میں ہماری پولیس نے بہترین کردار ادا کیا ہے جس پر یہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شیلڈز اور انعامات بھی پیش کئے اور یادگار شہداءپر دعا کی اور پھول چڑھائے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو پولیس لائن آمد پر گارڈ آف آنر ز بھی پیش کیا گیا۔