News Details

10/01/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخواحکومت کی ڈیجٹائزیشن کے عمل کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخواحکومت کی ڈیجٹائزیشن کے عمل کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت تمام محکموں میں ڈیجٹائزیشن کو متعارف کرارہی ہے جو ڈیجٹل پاکستان اقدام کی طرف ایک اہم قدم ہو گا۔ اُنہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت تمام تر شعبہ جات میں اصلاحات متعارف کرا رہی ہے ، صوبے کے سرکاری اُمور کے روایتی اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے ڈیجٹائزکرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ، جس سے سرکاری اُمور نمٹانے میں وقت کی بچت بھی ہو گی اور کارکردگی میں بھیمزید بہتری آسکے گی ۔ جدید دور کا تقاضا ہے کہ تمام سرکاری اُمور ڈیجٹل ہوں۔وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں صوبائی حکومت کی ڈیجٹائزیشن لائحہ عمل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں چیف آف ڈیجٹل پاکستان وژن کمپین مس تانیہ ادریس ، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاءاﷲ بنگش ، چیف سیکرٹری کاظم نیاز، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ودیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کو خیبرپختونخوا حکومت کی ڈیجٹائزیشن حکمت عملی پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ روایتی سرکاری نظام کو ڈیجٹیل کرنے سے تمام تر سرکاری اُمور جدید ٹیکنالوجی کے اپلیکشن کے ذریعے نمٹائے جائیں گے جس سے دفاتر میں سرکاری اُمور کو کم وقت میں بہترین طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ ڈیجٹائزیشن سے محکموں میں تمام اُمور پیپر لیس ہوجائیں گے جبکہ سروس ڈیلیوری اور فیڈ بیک میں بھی بہتری آئے گی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجٹائزیشن کا عمل مختلف فیزز میں مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام کے دفاتر میںسمریز ، سرکاری خط و کتابت ، میمو ، آفس آرڈر اور دیگر تمام اُمور ڈیجٹائز کرنے سے عمل درآمد کو تیز تر کیا جاسکے گا۔ پہلے فیز میں تمام انتظامی سیکرٹریز اور محکموں کیلئے ڈیجٹائزیشن کا لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے جبکہ دوسرے فیز میں تمام صوبائی محکموں کی ڈیجٹائزیشن کیلئے روڈ میپ وضع کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیاکہ پہلے دو فیزز کے لئے ڈیجٹائزیشن عمل کے پی آئی ٹی بورڈ کے ذریعے مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جدید تقاضوں کے عین مطابق ہمیں ڈیجٹائزیشن کی طرف جانا ہے ، شعبہ آئی ٹی میں اصلاحات لانا وقت کی ضرورت ہے ، اُنہوںنے مزید کہاکہ پہلی فرصت میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی ڈیجٹائزیشن کیلئے اقدامات ممکن بنائے جائیں گے تاکہ سرکاری اُمور نمٹانے میں وقت کا ضیاع نہ ہو۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کی ڈیجٹائزیشن اقدام باقی صوبوں کیلئے رول ماڈل ثابت ہو گا۔ ڈیجٹل پاکستان اقدام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے صوبے میں ڈیجٹائزیشن حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے گا۔