News Details

04/01/2020

پسماندہ علاقوں کی ترقی ہمارا ہدف ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان کا ضلع کرک میں جلسے سے خطاب وزیراعلیٰ کا ضلع کرک میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

پسماندہ علاقوں کی ترقی ہمارا ہدف ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان کا ضلع کرک میں جلسے سے خطاب وزیراعلیٰ کا ضلع کرک میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع کرک کا مصروف ترین دورہ کیا جہاں انھوں نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ ساتھ ضلع کرک کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کئی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ ضلع کرک میں گیس منصوبے کی توسیع اور بحالی کا افتتاح کیا گیا جس پر پہلے فیز میں 1944.990 ملین روپے لاگت ائے گی جبکہ منصوبے کی کل لاگت 9 ارب روپے ہے جس میں 65 کلومیٹر پائپ لائن کی بحالی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ گیس منصوبے کی توسیع اور بحالی سے ایک لاکھ 15 ہزار افراد مستفید ہونگے جبکہ کرک کے عوام کو ریسکیو کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلع کرک میں ریسکیو 1122 کے دو سٹیشنز کا افتتاح بھیکیا گیا جو کرک سٹی اور تحصیل بانڈہ داﺅد شاہ میں قائم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی محمود خان نے واضح کیا کہ موجود حکومت حقیقی معنوں میں صوبے کی تیز تر ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے جبکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے بغیر صوبے کی مجموعی ترقی ممکن نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ کرکے کے عوام کو ریسکیو سہولیات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے جس کے لئے 26 کروڑ 44 لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر 2 لاکھ افراد ریسکیو سروس سے مستفید ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع کرک کے بنیادی مسئلہ جوکہ پینے کے صاف پانی کی عدم موجودگی ہے، کے حل کے لیے انفلٹریشن گیلریز، سمپ ویل اور سپلائی پائپ لائنز تعمیر کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا جو 3 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل ہونے کے بعد 15 ہزار آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی۔منصوبے سے روزانہ کی بنیاد پر زرکی نصرتی ، سراج خیل ، تخت نصرتی ، چوکاڑہ اور کھڈا بانڈہ کو 250000 گیلن پانی فراہم کیا جا سکے گا۔ ضلع کرک میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے 7 ہائیر سیکنڈری سکولوں کی سٹینڈرڈائزیشن کا افتتاح بھی کیا گیا جس کےلئے 40 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا جس میں 250 ملین روپے لاگت سے تقریباً 22 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر اور بحالی عمل میں لائی جائے گی۔ افتتاحی تقاریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ جب انھوں نے خلف لیا تو پہلا دورہ جنوبی ضلع کرک کا کیا تھا جبکہ اسی علاقے سے ایک وزیراعلی ماضی میں منتحب ہوا تھا جس نے اس بیلٹ اور کرک کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔ وزیراعلی نے جلسے سے خطاب کے دوران ضلع کرک کے لئے آئل ریفائنری پر اسی سال کام شروع کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہاکہ صوبائی حکومت کی کاوشوں کی بدولت پشاور ڈی آئی خان موٹروے کو سی پیک میں شامل کیاگیا ہے جس سے جنوبی اضلاع میں کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ انھوں نے ضلع کرک میں سپورٹ کمپلیکس کی تعمیر، سرکاری سکولوں کی سولرائزیشن اور ضلع کرک کے مختلف حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ضلع کرک کی اپ گریڈیشن اور وزیراعظم ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام کا افتتاح بھی جلد یقینی بنایا جائے گا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع کرک کے گیس،تیل اور بجلی کے حق کے لئے ہر فورم پر لڑونگا اور واضح کیا کہ گیس رائلٹی کے پیسے اسی ضلعے کی ترقی پر خرچ کئے جائینگے۔ پچھلی حکومتوں کے چور اور لٹیرے حکمرانوں نے نہ صرف ملکی خزانہ لوٹا بلکہ ترقیاتی کاموں میں کمیشنیں کھا کر ان کے معیار اور افادیت پر سمجھوتے کئے۔انھوں نے کہا کہ جولائی تک صوبے بھر میں تمام شہریوں کو صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کو عملی جامہ پہنادیا جائے گا جس کے تحت دس لاکھ بیس ہزار تک مفت صحت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ قبائلی اضلاع کی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ کرک کو ترقی دینے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف جنوبی اضلاع کی ترقی ممکن ہوگی بلکہ ان سے ملحقہ قبائلی اضلاع بھی ترقی کی اس دوڑ میں شامل ہو جائینگے۔ صرف سوات یا ملاکنڈ کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا وزیراعلی ہوں اور پورے صوبے کی ترقی چاہتا ہوں۔ عمران خان کا سپاہی ہوں اور اس کے نظریہ پر چلوں گا۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کا قوم سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل میں ہم ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں کیونکہ وہ واحد سیاسی لیڈر ہیں جنھوں نے انصاف،میرٹ اور کرپشن سے چھٹکارے کی بات کی اور اس کے لیے عملی اقدامات بھی اُٹھائے۔ دورے کے دوران وزیر مملکت شہر یار آفریدی ، ایم این اے شاہد خٹک ، وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سابقہ وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی، سابقہ مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم ، ایم پی اے فیصل امین گنڈا پور، ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین آسیہ خٹک اور دیگربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے