News Details
01/01/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کی گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات ہو ئی جس میں صوبائی اسمبلی کے پارلیمانی اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کی گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات ہو ئی جس میں صوبائی اسمبلی کے پارلیمانی اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صوبائی حکومت کی حکمت عملی اور پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں یکساں ترقیاتی اقدامات اُٹھا رہی ہے ، جس میں پسماندہ علاقوں اورخصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے ترقیاتی فنڈز کی تقسیم ماضی کا حصہ بن چکی ہے ،موجودہ نظام میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں تمام تر اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کا مرکز و محور عام آدمی ہے ۔ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ محمود خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے نظام کی تبدیلی کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات کو متعد دقوانین کے ذریعے دیر پا بنایا ہے ۔ صوبائی حکومت تمام محکموں کو نئے قوانین کے تحت رولز کی جلد تشکیل کیلئے ہدایات جاری کر چکی ہے ۔ ہم صوبے میںشفاف حکمرانی کا ایک دیر پا نظام قائم کرنے کیلئے شروع دن سے کوشاں ہیں تاکہ حقدار کو حق کی فراہمی یقینی ہو سکے ۔