News Details

28/12/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی فلاح وتر قی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی فلاح وتر قی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنے منشور کے تحت خواتین کی فلاح و بہتری کیلئے نظر آنے والے اقدامات کئے ہیں۔ خصوصی طور پر شعبہ تعلیم اور صنعت و تجارت میں مجموعی ترقیاتی حکمت عملی میں خواتین کی تعلیم و تربیت اور روزگار کے مواقع پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ صوبے میں ویمن یونیورسٹی صوابی اور کیڈٹ کالج برائے خواتین کا قیام حکومت کی سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ادارہ ہے ۔ ہم خواتین کو معاشرے میں سازگار اور پرامن ماحول دینے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاشرے کی بہتری کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے دلیری کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں خواتین اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری خواتین ہمیشہ سے قومی ترقی اور خوشحالی کے مشن میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں۔ کوئی بھی قوم کامیابی کی بلندیوں تک نہیں پہنچ سکتی جب تک ترقی کے عمل میں اس کی خواتین کا کردار شامل نہ ہو۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے میں حکمرانی کا ایسا نظام متعارف کر ایا ہے جس میں معاشرے کے ہر طبقے کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہیں ۔اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا گیا ہے تاکہ قابل اور اہل مردو خواتین آگے آسکیں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتکاری کے فروغ کیلئے قابل عمل منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔خواتین تاجروں اور صنعتکاروں کو بھی سرمایہ کاری کے مواقع خصوصاً سی پیک سے استفادہ کرنے کا موقع دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ صوبائی صنعتی پالیسی تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت صنعتکاروں کو بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔اُنہوںنے اس موقع پر خواتین کی تعلیم و تربیت کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک متوازن اور خوشحال معاشرے کے قیام کیلئے خواتین کی تعلیم کا فروغ نہایت ناگزیر ہے ۔ اس کے بغیر معاشرتی ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں۔ اُنہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کی معیاری تعلیم کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس مقصد کیلئے ابتدائی و ثانوی تعلیمی اداروں سمیت کالجز اور یونیورسٹیوں میں خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ وہ صوبے میں خواتین کی ترقی کیلئے ویمن پارلیمنٹرینز کی تجاویز کو خوش آمدید کہیں گے