News Details
24/12/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بانی پاکستان قائد اعظم کے وژن کے مطابق نئے پاکستان کی تشکیل کے عملی مراحل میں ہے، ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں امت مسلمہ کے ماضی کا ترجمان، حال کی شان اور مستقبل کی جان بنانا چاہتے ہیں،
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بانی پاکستان قائد اعظم کے وژن کے مطابق نئے پاکستان کی تشکیل کے عملی مراحل میں ہے، ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں امت مسلمہ کے ماضی کا ترجمان، حال کی شان اور مستقبل کی جان بنانا چاہتے ہیں، اس مجموعی جدوجہد میں تمام قومی اداروں اور عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کے یوم ولادت کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا ہے ۔ برصغیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے علیحدہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں قائداعظم کی والہانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحادا ورتنظیم کو اپنی زندگی کا شعار بنا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج 72 سال گزرنے کے باوجود کشمیر ی عوام جس طرح بھارتی سرکارکے ظلم و ستم کا شکار ہیں،وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ کشمیری عوام اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، جبکہ حق خودارادیت کی اس جنگ میں ہم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں و ہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ انشاءاللہ ان کی جدوجہدضرور کامیاب ہو گی اوروہ امن اور خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر شروع کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں بدعنوان نظام کے خلاف جدوجہد شروع کی ہے اس کے ثمرات سامنے آرہے ہیں ، پختونخوا کے عوام نے پاکستان کی بقاءکے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور جانی اور مالی قربانیاں دینے سے بھی دریغ نہیں کیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں اور غلط فیصلوں سے پیدا ہونے والے مسائل کے ازالے اور قومی وقار کی بحالی کا عزم کر رکھا ہے ، ہم نے ذاتی مفاد کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دی ہے یہی وجہ ہے کہ ہمیں پورے ملک میں عوامی پزیرائی ملی ہے جس کی وجہ سے آج عمران خان ملک کے وزیراعظم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اور خوش حال پاکستان ہماری منزل ہے، جس کیلئے کسی قسم کی بھی قربانی اور جدوجہد سے دریغ نہیں کیا جائیگا، جبکہ اس خطے کے امن و سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق کے لئے پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہےں۔