News Details

21/12/2019

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں معیشت کی بہتری اور مجموعی ترقی کے لئے عملی اور ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں معیشت کی بہتری اور مجموعی ترقی کے لئے عملی اور ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ صنعت اور تجارت کے فروغ کے لیے صوبے میں چھوٹے بڑے تمام صنعتی زون کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے، جس کی تکمیل سے صوبے میں نہ صرف معیشت مستحکم ہوگی بلکہ عوام کو روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر آسکیں گے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اداروں میں مثبت اصلاحات بھی لارہی ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نہ صرف معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح وبہبود پر بھی توجہ مرکوز کی ہوئی ہیں۔ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ نوجوانوں کو نہ صرف روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے بلکہ قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ بھی ممکن ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے سپیکرصوبائی اسمبلی مشتاق غنی سے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں دیگر چھوٹے بڑے اکنامک زونز سمیت رشکئی سپیشل اکنامک زون کی تیز رفتار ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کرنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوںنے کہاہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کو صوبے میں مدعو کیا جارہا ہے جس سے صوبہ خیبرپختونخوا میں ترقی کی راہ ہموار ہونے میں مدد ملے گی۔اُنہوںنے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت رشکئی اسپیشل اکنامک زون کو جلد فعال بنانے کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ رشکئی سپیشل اکنامک زون اور حطار اکنامک زون میں سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی تکمیل سے تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی بھی صوبے کی ترقی کا راز معیشت کے استحکام میں مضمر ہے ۔اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے برسر پیکار ہے ۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے حوالے سے کافی پوٹینشل موجود ہے جبکہ موجودہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے جس سے نہ صرف صوبے کے محاصل بڑھیں گے بلکہ عوام کو روزگار بھی میسر ہو گا۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کی تکمیل ممکن بنائی جارہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے کیونکہ جدید دور کے چیلنجز نمٹنے کیلئے نئے تعلیمی رجحانات اور اسالیب سے آگاہی ناگزیر ہے ۔ ہمار امنشور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے ، جس کی تکمیل کیلئے اداروں میں مثبت اصلاحات لائی جارہی ہیںتاکہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی آسانی سے ممکن ہو سکے ۔ ِ