News Details
19/12/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورمنٹ نظام کی کامیابی کے بعد اسی سسٹم کو وفاق ،پنجاب اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں متعارف کروایا جار ہا ہے ، جو خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت کیلئے باعث فخر ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورمنٹ نظام کی کامیابی کے بعد اسی سسٹم کو وفاق ،پنجاب اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں متعارف کروایا جار ہا ہے ، جو خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت کیلئے باعث فخر ہے ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کے متعدد محکموں میں جدید دور سے آراستہ ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے جبکہ ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورمنٹ نظام اس کی زندہ مثال ہے ۔صوبہ خیبرپختونخوا میں اس جدید نظام سے شفافیت اور میرٹ کو تقویت ملی ہے جبکہ وفاق ،صوبہ پنجاب اور نیشنل ہا ئی وے اتھارٹی میں بھی ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورمنٹ نظام متعارف کرواکر اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا ۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں جدید ٹیکنالوجی کا نظام متعارف کروایا ہے جس کی بدولت تمام اداروں کو کرپشن سے پاک کیا ہے ، جبکہ اداروں کو بااختیار بنا کر احتساب کے سامنے لا کھڑا کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کے دوران کیا ہے۔ اجلاس کے دیگر شرکاءمیں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو خیبرپختونخوا، سیکرٹری ایگری کلچر پنجاب، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلی خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین اور وفاقی وزیر مراد سعید نے خیبرپختونخوا کے جدید ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورمنٹ نظام کی تعریف کی اور خیبرپختونخوا حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ، جو ایک ماہ میں اپنی سفارشات مکمل کرے گی ، جس کے توسط سے اس نظام کو دیگر اداروں کیلئے بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ کمیٹی میں وفاق، خیبرپختونخوا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نمائندے شامل ہوں گے