News Details

12/12/2019

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے رشکئی سپیشل اکنامک زون کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کیلئے تمام تر تقاضے اور انتظامات مقررہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے رشکئی سپیشل اکنامک زون کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کیلئے تمام تر تقاضے اور انتظامات مقررہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ اس مقصد کیلئے ٹائم لائن میں کسی قسم کی توسیع نہیں دی جائے گی اور نہ ہی معیار پر کوئی سمجھوتہ ہو گا۔ تمام ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں تاکہ حکومت کی ترجیحات کے مطابق منصوبے کو تیز رفتاری سے عملی جامہ پہنایا جا سکے۔اُنہوں نے رشکئی سپیشل اکنامک زون میں بجلی اور گیس کی سہولیات کی بلاتاخیر فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کا آئندہ ہفتے اجلاس طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں رشکئی سپیشل اکنامک زون پر پیشرفت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین ، وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اﷲ خان، مشیر برائے تعلیم ضیاءاﷲ بنگش ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو رشکئی سپیشل اکنامک زون کیلئے بنائے گئے جوائنٹ ونچر ، کنسیشن اور ڈویلپمنٹ ایگریمنٹس کے فریم ورک ، منصوبے کے متوقع معاشی اثرات اور منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون کا ترقیاتی کام مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے پر عمل درآمد کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت جوائنٹ ونچر تشکیل دیا گیا ہے ۔اکنامک زون تک آسان رسائی یقینی بنانے کیلئے سڑکوں کی تعمیرپر کام پہلے سے شروع ہے۔سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،صنعتکاروں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے پی سی ون کی ڈی ڈی ڈبلیو پی سے منظور ی لی جا چکی ہے جس کی لاگت 1.8 ارب روپے ہے۔ اسی طرح گیس کی فراہمی کیلئے بھی پی سی ون متعلقہ حکام کو پیش کیا جا چکا ہے ، تاہم بجلی او رگیس کی سہولیات بروقت فراہم کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی محکموں کا بروقت تعاون ناگزیر ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس مقصد کیلئے متعلقہ حکام پر مبنی اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی تاکہ تمام زیر التواءمسائل کا حل نکالا جا سکے اور منصوبے کے لئے درکار بجلی اور گیس کی فراہمی بلا تاخیر ممکن ہو سکے ۔ محمود خان نے ڈویلپمنٹ ایگر یمنٹ کی بورڈ آف اپروول سے منظوری سمیت تمام انتظامات جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق منصوبے پر ترقیاتی کام کا باضابطہ افتتاح کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ رشکئی سپیشل اکنامک زون کی تیز رفتار ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کرنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوںنے خصوصی طور پر اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کو تیز تر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ منصوبے پر ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں مقررہ ٹائم لائنز میں کسی قسم کی توسیع کی گنجائش نہیں ہو گی ۔