News Details
11/12/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں ٹوارزم اتھارٹی کے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں ٹوارزم اتھارٹی کے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے کہاہے کہ خیبرپختونخوا ٹوارزم اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرانا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی ڈی سی اثاثہ جات کو صوبے کو دینے کی مد میں وفاق کو 10 فیصد لائبلٹیز کے بغیر رقم دینے سے بھی اُصولی اتفاق کیا ہے ۔ اُنہوںنے صوبے میں پی ٹی ڈی سی کے تمام تر اثاثہ جات کو آﺅٹ سورس کرکے نئے ہوٹلز تعمیر کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے محکمہ خزانہ کو111.10 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ فنڈکی فراہمی کو 15 دنوںمیں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی ترجیحی بنیادوں پرکرنے کی ہدایت کی ہے ۔ محمود خان نے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کیلئے ہوم سٹیز کا منصوبہ جس پر 500 ملین روپے لاگت آئے گی سے اتفاق کیا ہے ۔ منصوبے کے تحت سیاحتی مقامات میں سیاحوں کے قیام کیلئے 500 کمرے تعمیر کئے جائیں گے جہاں پر تمام بنیادی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صوبے میں سیاحتی مقاما ت کی تشہیر کیلئے محکمہ اطلاعات کیلئے 500 ملین روپے مختص کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ تمام تر اشتہارات محکمہ اطلاعات کے ذریعے دیئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا ٹوارزم پولیس کے قیام کیلئے 700 ملین روپے کی فراہمی سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ ٹوارزم پولیس میں کل 500 اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کے بارے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ہے ۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان، وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر قانون سلطان محمد خان، وزیراطلاعات و تعلقات عامہ شوکت یوسفزئی،وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری فنانس ، سیکرٹری قانون، ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ٹوارزم، ٹوارزم ایڈمنسٹریشن ، ڈی جی محکمہ کھیل و سیاحت و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس کو پراونشل ٹوارزم اتھارٹی کے قیام، 2021 میں ورلڈ ٹوارزم فورم کے انعقاد کیلئے پی ٹی ڈی سی کو فنڈز کی منتقلی ، لائبلٹیز ، شیئرز ، پی ٹی ڈی سی کے اثاثہ جات کی صوبے کو منتقلی ، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے فنڈز کی فراہمی ، سیاحتی مقامات پر ہوم سٹیز منصوبے ، ٹوارزم پولیس کا قیام، ٹوارزم حکام کی بین الاقوامی مشنز میں تعیناتی ، سیاحتی مقامات کی تشہیر کیلئے محکمہ اطلاعات کو فنڈز کی مختصی ، کبل گالف کورس اور پیتھم بلڈنگ سوات ، سیاحتی مقامات میں موبائل ہیلتھ سہولیات اور ریسکیو1122 کا قیام ، سیاحتی مقامات میں پولی تھین بیگز پر پابندی پر پیشرفت، ندی نالیوں کی تجاوزات مہم ، محکمہ بلدیات کی صفائی ستھرائی مہم اور سیاحت کے فروغ کیلئے کئے گئے مزید اقدامات اور پیشرفت پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پراونشل ٹوارزم اتھارٹی کا قیام کے پی ٹوارزم ایکٹ 2019 ءکے تحت یقینی بنایا جائے گاجبکہ اتھارٹی کی فعالیت پر کل 300 ملین روپے لاگت آئے گی جس کیلئے سمری محکمہ خزانہ کو پہلے سے ہی بھجوائی گئی ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ورلڈ ٹوارزم فورم کے انعقاد کیلئے 240 ملین روپے پی ٹی ڈی سی کو فراہم کئے جائیں گے جس کا انعقاد 2021 میں متوقع ہے ۔ اجلاس کو پی ٹی ڈی سی اثاثہ جات کی مد میں صوبے کے ذمے لائبلیٹیز اور شراکت داری پر کمیٹی کی تجاویز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے 111.110 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ فراہم کیا جائے گا۔ جس سے کے ڈی اے کیلئے آفس بلڈنگ ، سٹاف، نان سیلری اخراجات، اراضی کا حصول وغیر ہ عمل میں لائے جائیں گے ۔ اجلا س کو مزید بتایا گیا کہ صوبے کے تین اضلاع سوات، چترال اور مانسہرہ میں ہوم سٹیز منصوبے کے تحت 500 ملین روپے کی لاگت سے 500 کمرے تعمیر کئے جائیں گے جس سے نہ صرف سیاحوں کو قیام کیلئے بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی بلکہ صوبے کی معیشت بھی بہتر ہو گی ۔ خیبرپختونخوا ٹوارزم پولیس کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ سیاحوں کو سکیورٹی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 700 ملین روپے کی لاگت سے ٹوارزم پولیس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ ٹوارزم پولیس میں کل 500 اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ صوبے کی سیاحت کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کیلئے پہلی بار بین الاقوامی مشنز میں صوبے کے ٹوارزم حکام شامل کئے جارہے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی مہم کیلئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور تحصیل میونسپل اتھارٹیز کو بھی فنڈز فراہم کئے جائیں گے جبکہ متعلقہ محکمے ان مقامات پر صفائی ستھرائی ممکن بنائے گی ۔ پولی تھین بیگز کی سیاحتی مقامات پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے جس کو پی ایم آریو کے ذریعے یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کیلئے کافی پوٹینشل موجود ہے جس کے فروغ کیلئے موجودہ صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ ہم سیاحت کو بطور صنعت متعار ف کر ارہے ہیںاور بین الاقوامی سطح پر بھی صوبے کی سیاحت کو اُجاگر کر رہے ہیں ۔ اُنہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی طو رپر احکامات دیئے ہیں ۔ صوبے میں سیاحت کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے جس سے نہ صرف صوبے کی معیشت مستحکم ہو گی بلکہ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔