News Details
06/12/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع سوات کا مصرو ف دورہ کیا ، جہاں انہوں نے سوات موٹر وے سمیت ضلع سوات اور چترال کے سیاحتی مقامات کا فضائی جائزہ لیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع سوات کا مصرو ف دورہ کیا ، جہاں انہوں نے سوات موٹر وے سمیت ضلع سوات اور چترال کے سیاحتی مقامات کا فضائی جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر ائیر فورس کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنرز سوات اور چترال کی طرف سے خطے کے سیاحتی مقامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان ائیر فورس گبین جبہ ، مٹہ اور مادہ (چترال) میں سکی ریزارٹ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ سوات میں ائیر فورس کا ریکروٹمنٹ سنٹر بھی قائم کیا جائیگا۔ بعدازا ں محمود خان نے سیدو شریف ائیرپورٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے رن وے کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سوات موٹر وے کے فیز ٹو کے لئے مجوزہ الائمنٹ کا بھی فضائی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات موٹر وے اور چکدرہ چترال روڈ کی تکمیل سے تمام علاقوں کی پسماندگی ختم کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مالم جبہ، گبین جبہ، مادہ کیلاش اور دیگر مقامات پر سکی ریزارٹس اور دیگر منصوبوں کے لئے زمین کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے سیاحتی مقامات کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جس سے روزگار کے زرائع بھی پیدا ہوں گے ، اور مجموعی طور پر معیشت کو استحکام دینے میں مددبھی ملے گی