News Details
06/12/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹیوٹا کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر صنعت اور مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امتحانی نظام کو نظریاتی سے عملی امتحانات میں منتقل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹیوٹا کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر صنعت اور مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امتحانی نظام کو نظریاتی سے عملی امتحانات میں منتقل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مارکیٹ اور صنعت کے جدیدتقاضوں کے پیش نظر تجرباتی علم کے ذریعے مہارت مہیا کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔
خیبر پختونخواٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)کے بورڈزآف ڈائریکٹرز کے چودہویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قابلیت پر مبنی ٹیسٹنگ کا نظام نافذکرنے کی ضرورت ہے، تاکہ طلباءکو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق عملی اور تکنیکی معلومات حاصل ہوسکیں۔ بورڈ نے پشاورکے علاقہ متھرا میں 17.24 ملین روپے کی مختص لاگت سے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کے قیام کی اے ڈی پی اسکیم پر عمل درآمد کی منظوری دی۔اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹر کے تیرہویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک مجموعی طور پر 14 میں سے 13 فیصلوں پر عمل درآمد ہوچکا ہے جس میںٹیوٹا کے خالی عہدے پربھرتی، چیف منسٹر فری ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے ،گورنمنٹ ٹیکنیکل ووکیشنل سنٹرز چکدرہ اور سوات کو گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹس کا درجہ دینے ، جی پی آئی ہری پور کو جی سی ٹی کی سطح تک اپ گریڈکرنے ، تیمر گرہ میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کو فعال بنانے ، انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹیوں کے رولز آف بزنس کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی کی تشکیل ،ٹیوٹا کے قواعد و ضوابط میں ترمیم ، ٹیوٹا کے پروجیکٹس کی نگرانی ،آسامیوں کی تخلیق اور دیگر امور شامل ہےں۔
اجلاس میں نظرثانی شدہ بجٹ 2018-19 اور مالی سال 2019-20 کے لئے تجویز کردہ بجٹ جو 3993.36 ملین روپے ہے،کی منظوری دی گئی ۔ بورڈ نے بخشالی میں لڑکوں کے لئے گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر بمعہ سب کیمپس ساول ڈھیر مردان کے قیام کے لئے پی سی ون کی بھی منظوری دی، جس کی لاگت 120.04 ملین روپے ہے ، علاوہ ازیں جی پی آئی مٹہ اور جی ٹی وی سی مٹہ کے قیام کے لئے 10 کنال اراضی کی خریداری، پنڈ کارگو خان ضلع ایبٹ آباد میں جی ٹی وی سی کے قیام کے لئے پی سی ون کی منظوری جس کی کل لاگت 159.885 ملین روپے ہے ، ٹیوٹا کے ٹیچنگ اسٹاف کے لئے چھ ماہ کے لازمی تربیتی نصاب کی منظوری ، مارکیٹ اینڈایمپلائمنٹ پراجیکٹ اور ٹیوٹا کے مابین ایم او یو پر عمل درآمد کی منظوری، ٹیوٹا کے قواعد و ضوابط 2019 میں ترمیم اور بنوں میں گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر کے قیام کے لئے پی سی ون کی مشروط منظوری دی گئی، جس کی مجموعی لاگت 146.998 ملین روپے ہے۔ بورڈ نے نئے ضم ہونے والے اضلاع کے سلسلے میں باقاعدہ اے ڈی پی سے 33 لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کی بھی منظوری دی