News Details

28/11/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے فیئر ٹیسٹنگ سروس (ایف ٹی ایس ) کی طرف سے حالیہ امتحانات کے انعقاد میں بد انتظامی اوربے ضابطگیوںکے حوالے سے عوامی شکایات اور تحفظات کا سخت نوٹس لیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے فیئر ٹیسٹنگ سروس (ایف ٹی ایس ) کی طرف سے حالیہ امتحانات کے انعقاد میں بد انتظامی اوربے ضابطگیوںکے حوالے سے عوامی شکایات اور تحفظات کا سخت نوٹس لیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے میں اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے فیئر ٹیسٹنگ سروس کو ہائیر کیا تھا ، تاہم مذکورہ ایجنسی کی طرف سے منعقدہ امتحانات میں بد انتظامی ، بے ضابطگیوںکی وجہ سے امتحانات منسو خ کئے گئے تھے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے ایف ٹی ایس کے کمزور انتظامات اور بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ایجنسی کو جاری کئے گئے تمام وسائل واپس لئے جائیں گے اورذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں اساتذہ کی شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتی کی پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کیلئے اساتذہ کی شفاف بھرتیوں اور تعیناتیوں کا کلچر متعارف کرایا ہے ۔ اسلئے اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی طرف سے ذمہ دارانہ کردار کی ضرورت ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ مذکورہ ٹیسٹنگ ایجنسی حکومت کی پالیسی اور عوامی توقعات کے مطابق ٹیسٹس کے شفاف اور غیر جانبدار انعقاد میں ناکام ہوئی ہے، جس نے صوبائی حکومت کی میرٹ پالیسی اور عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے ۔محمود خان نے کہا کہ اُن کی حکومت میرٹ کی پالیسی پر کاربند رہے گی اور اس سلسلے میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے آئندہ بھی ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے گی ۔