News Details
22/11/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اپنے آبائی علاقہ مٹہ سوات کا دو روزہ مصروف ترین دورہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اپنے آبائی علاقہ مٹہ سوات کا دو روزہ مصروف ترین دورہ
مٹہ سوات میں خواتین کیلئے نادرا رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح
کبل سوات میں بھی خواتین کیلئے الگ نادرا رجسٹریشن سنٹر کے قیام کا اعلان ، محمود خان
ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، ہماری نیت صاف ہے ، اﷲ مدد کرے گا، وزیراعلیٰ
وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے آبائی علاقہ مٹہ سوات میں خواتین کیلئے نادرا رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کیا ہے جبکہ کبل سوات میں بھی خواتین کیلئے الگ نادرا رجسٹریشن سنٹر کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر برائے مواصلات و پو سٹل سروسز مراد سعید نے ذاکر خان شہید ہسپتال میں برن ، ٹراما اور پلاسٹک یونٹ کا بھی افتتاح کر دیا ہے۔یہ منصوبہ9 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔ پلاسٹک یونٹ کل 18 بیڈز پر مشتمل ہو گا جبکہ اس میں میل، فی میل اور بچوں کیلئے الگ الگ وارڈز ہوں گے۔ یونٹس سے علاقے کے عوام کو بہت زیادہ صحت سہولیات میسر آسکیں گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں ، مینگورہ میں عوام کیلئے ہسپتال کھول دیا ہے جس سے عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی بہتر ہو گی جبکہ سوات ایکسپریس وے کی توسیع بھی ہو چکی ہے ۔انہوںنے کہاکہ زرعی یونیورسٹی سوات میں جنوری سے باقاعدہ کلاسسز کا آغاز ہو جائے گا جبکہ جون، جولائی میں یونیورسٹی بلڈنگ پر تعمیر اتی کام کا آغاز یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے آبائی حلقہ مٹہ سوات میں خواتین کیلئے نادرا رجسٹریشن سنٹر اور ذاکر خان شہید ہسپتال میں برن ، ٹراما اور پلاسٹک یونٹ کی افتتاحی تقاریب کے دوران کیا ہے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید ، صوبائی وزیر برائے زراعت محب اﷲ خان اور ملاکنڈ ڈویژن کے صدر و ڈیڈک چیئرمین سوات فضل حکیم خان و دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت پاکستان کا پیسہ عوام پر خرچ کر رہی ہے ۔ خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ سوات میں سیاحت کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت عملی اور ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہے جس سے نہ صرف معیشت مستحکم ہو گی بلکہ عوام کو روزگار بھی میسر آئے گا۔ اُنہوںنے کہاکہ سوات سمیت پورے صوبے کے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے تمام پسماندہ اضلاع کی دیر پا ترقی ممکن ہو سکے ۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ 500 کنال زمین پر کبل سوات میں انجینئرنگ یونیورسٹی بنارہے ہیں جبکہ ویمن یونیورسٹی اور ڈینٹل کالج بھی منظور ہو چکے ہیں، جس کے قیام سے ضلع سوات میں انجینئرنگ اور ڈینٹسری شعبے کو خاطر خواہ فروغ ملے گا۔ اُنہوںنے کہاکہ مٹہ میں خواتین کیلئے نادرا رجسٹریشن سنٹر یہاں کے عوام کی خواہش اور ضرورت تھی جو الحمد اﷲ صوبائی حکومت نے پوری کردی۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ سوئی گیس کی فراہمی پر کام جاری ہے جبکہ سیاست سے بالاتر ہو کر سوئی گیس گھر گھر پہنچانا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ سوات سمیت صوبے کے بچے بچے کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع سوات کے علاقوں مٹہ ، کبل اور مینگورہ میں شیلٹر ہومز بنارہے ہیںجس سے مسافروں کو ریلیف ملے گا۔ سوات ایکسپریس وے کی تکمیل سے سیاحت کو کافی حد تک فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا ۔ اُنہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور پاکستان کے امن کی آواز پوری دُنیا تک پہنچائی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم نے سب سے پہلے مسافر بھائیوں کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے اور 15 مہینوں میں 4687 قیدی مسافر بھائیوں کو آزاد کیا جو اپنے ملک پہنچ گئے ہیں۔ ضلع سوات میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے حقیقت پسندانہ اقدامات کئے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ سوات ایکسپریس وے کیلئے وفاقی بجٹ میں 30 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔